راجستھان: پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس نے نکالی ’پد یاترا‘

پدیاترا میں وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ کھاچریاواس، حکومت کے چیف وہپ ڈاکٹر مہیش جوشی، ایم ایل اے رفیق خان اور کئی دیگر کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے حصہ لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جے پور: راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں جے پور ضلع کانگریس نے پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف آج پدیاترا نکال کر احتجاج کیا۔ یہ پدیاترا صبح تقریباً 8.30 بجے کانگریس کے ریاستی ہیڈ کوارٹر سے روانہ ہوکر گورنمنٹ ہاسٹل شہید اسمارک پہنچی۔ پدیاترا میں وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ کھاچریاواس، حکومت کے چیف وہپ ڈاکٹر مہیش جوشی، ایم ایل اے رفیق خان اور کئی دیگر کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے حصہ لیا۔

اس موقع پر کھاچریاواس نے مرکزی حکومت پر اپنے اقتدار میں پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا الزام لگایا اور کہا کہ انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عام آدمی سے اچھے دن آنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ملک میں پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں آگ لگی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کا بجٹ خراب ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرمرکزی حکومت نے اب خاموشی اختیار کر رکھی ہے جبکہ کانگریس اور اس کے لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔


کھاچریا نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اس جانب توجہ مبذول کروانے کے لیے کانگریس کی تحریک تب تک جاری رہے گی جب تک ان کی قیمتوں میں کمی نہ کی جائے۔ اس دوران ڈاکٹر جوشی نے بھی مہنگائی کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ مرکز کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔