حیدرآباد میں پھر بارش، شہریوں میں خوف، کئی علاقے ہنوز پانی میں محصور
ابھی شہری حال ہی میں ہوئی بارش سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ ایک بار پھر بارش نے انھیں خوفزدہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چاردنوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔
حیدرآباد: حیدرآباد میں پھر ایک بار شدید بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پہلے ہی بارش نے پرانے شہر کے کئی مقامات کے ساتھ ساتھ نئے شہر کی کئی بستیوں میں تباہی مچائی ہوئی ہے تاہم اچانک پیر کی دوپہر بارش شروع ہوگئی، جس کی وجہ سے شہری فکر مند ہوگئے۔ کیونکہ حالیہ چند دنوں کے دوران ہوئی بارش ان پر قیامت صغری ثابت ہوئی تھی۔ بارش کے ساتھ ہی نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے جن کے مکانات میں بارش کا پانی داخل ہوگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : یہ ’چراغ‘ کس کے گھر کو آگ لگائے گا؟... سہیل انجم
ابھی شہری حال ہی میں ہوئی بارش سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ ایک بار پھر بارش نے انھیں خوفزدہ کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چاردنوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا تھا۔ ملکاجگری، سکندرآباد، ونستھلی پورم، لنگم پلی، حیات نگر، ناچارم، مشیرآباد، کاپرا، اپوگوڑہ، شیواجی نگر، مادھاپور، لکڑی کا پْل، جوبلی ہلز، صنعت نگر، امیرپیٹ، خیریت آباد، گچی باولی، اْپل، ایل بی نگر، دلسکھ نگر، کوٹھی اور پرانا شہر کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہوگیا جس کے نتیجہ میں سڑک استعمال کرنے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
جی ایچ ایم سی کے عہدیدار محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کے انتباہ کے بعد چوکس ہوگئے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کے مختلف شعبہ جات کے ساتھ ساتھ پولیس بھی چوکس ہوگئی ہے۔ کسی بھی ناگہانی آفت کو روکنے کے لئے احتیاطی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ حالیہ چند دنوں کے دوران ہوئی شدید بارش سے پیدا صورتحال کا اعادہ نہ ہونے دینے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہر کے کئی علاقوں میں ہنوز پانی بھرا ہوا ہے، دوسری طرف متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ اضلاع سے موصولہ اطلاعات میں کہا گیا کہ بعض اضلاع میں بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تلنگانہ میں آئندہ تین دنوں کے دوران بارش ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں فروری تک کورونا کے ختم ہونے کے آثار
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔