بہار اسمبلی الیکشن کی سرگرمیوں کے درمیان ہر ضلع میں پہنچی راہل گاندھی کی ٹیم
کانگریس اس وقت مہاگٹھ بندھن میں شامل اہم پارٹیوں میں سے ایک ہے اور راہل گاندھی کی ٹیم ہر ضلع میں سروے کر کے یہ پتہ لگانے کی کوشش کرے گی کہ الیکشن میں سیٹوں کا تال میل کس طرح قائم ہو۔
بہار میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ اپنے عروج پر نظر آ رہا ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کسی بھی حال میں اسمبلی الیکشن وقت پر ہی کرانا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک طرف تو بی جے پی نے ڈیجیٹل میٹنگوں کے ساتھ ساتھ کئی ریلیوں کا بھی انعقاد کیا ہے، تو دوسری طرف جے ڈی یو نے بھی انتخاب سے قبل کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ ان سرگرمیوں کے درمیان راہل گاندھی کی کئی ٹیمیں حالات کا جائزہ لینے کے مقصد سے بہار کے مختلف اضلاع میں پہنچ گئی ہیں۔
ہندی نیوز پورٹل 'پربھات خبر' پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی کی ٹیم ریاست کے ہر ضلع میں سروے کا کام شروع بھی کر چکی ہے۔ ٹیم کے اراکین ایک رپورٹ تیار کر رہے ہیں جو سیدھے راہل گاندھی کو سونپی جائے گی۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی کی یہ ٹیم ریاستی قیادت سے الگ اور آزادانہ طور پر کام کر رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ کانگریس اس وقت مہاگٹھ بندھن میں شامل بڑی پارٹیوں میں سے ایک ہے۔ حالانکہ جیتن رام مانجھی نے مہاگٹھ بندھن سے کنارہ کشی اختیار کر لیا ہے، لیکن ابھی تک انھوں نے یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ کسی دوسرے اتحاد میں شامل ہوں گے یا ان کی پارٹی 'ہم' تنہا انتخابی میدان میں کھڑی ہوگی۔ موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے راہل گاندھی کی ٹیم کا بہار کے مختلف اضلاع میں پہنچ کر سروے کرنا کافی اہمیت کا حامل تصور کیا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔