پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کا پیپر لیک معاملے پر وزیر تعلیم پر سخت حملہ، اکھلیش یادو نے بھی کی حمایت

راہل گاندھی نے کہا کہ ہمارے امتحانی نظام میں ایک بڑی خامی ہے۔ یہ صرف نیٹ کا نہیں ہے، بلکہ تمام امتحانات میں ایسا ہوتا ہے۔ میرے خیال میں وزیر تعلیم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، فائل فوٹو/ ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی، فائل فوٹو/ ویڈیو گریب

user

قومی آواز بیورو

پارلیمنٹ میں ایک بار پھر پیپر لیک کا معاملہ اٹھا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ملک دیکھ رہا ہے کہ امتحانی نظام میں بہت سی خامیاں ہیں۔ امتحانی نظام میں دھاندلی کی گئی ہے۔ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے سب کی خامیاں شمار کرا دیں لیکن اپنی نہیں بتائیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر تعلیم سے میرا سوال ہے کہ آپ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کیا کر رہے ہیں؟

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ پیپر لیک ہونے کی بات صرف نیٹ کے تعلق سے نہیں کی جا رہی ہے بلکہ یہ تمام امتحانات کے بارے میں ہے۔ یہ ایک سنجیدہ موضوع ہے۔ وزیر تعلیم سب کو خاطی مان رہے ہیں مگر خود کو نہیں۔ انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کیا کیا؟ راہل گاندھی کے اس بیان پر وزیر تعلیم غصے میں آگئے اور کہا کہ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے پورے امتحانی نظام کو بیکار قرار دیا ہے جو افسوسناک ہے۔


پارلیمنٹ میں نیٹ پیپر لیک پر ہوئی بحث کے دوران سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور قنوج کے رکن پارلیمنٹ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ حکومت پیپر لیک کا ریکارڈ بنانے جا رہی ہے۔ اگر دھرمیندر پردھان وزیر تعلیم رہتے ہیں تو طلبہ کو انصاف نہیں مل سکتا۔ پیپر لیک پر بحث کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ ہمارے امتحانی نظام میں ایک بڑی خامی ہے، پورا ملک یہ جانتا ہے۔ یہ صرف نیٹ کا نہیں ہے، بلکہ تمام امتحانات میں ایسا ہوتا ہے۔ میرے خیال میں وزیر تعلیم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ یہاں کیا ہو رہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ملک میں لاکھوں طلبہ ہیں جو موجودہ صورتحال سے پریشان ہیں، انہیں مکمل یقین ہے کہ ہندوستان کا ایگزامنیشن فرضی ہے۔ کروڑوں لوگوں کو لگتا ہے کہ اگر آپ امیر ہیں تو آپ ہندوستان کے ایگزامنیشن سسٹم کو خرید سکتے ہیں۔ اس لیے ہم وزیر تعلیم سے کچھ سوالات پوچھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے سوال کیا کہ اگر یہ انتظامی مسئلہ ہے تو آپ اسے ٹھیک کرنے کے لیے کیا کر رہے ہیں؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔