سبھی کو ویکسین نہ دینے کے مرکز کے فیصلہ پر راہل گاندھی کا رد عمل ’ہر ہندوستانی محفوظ زندگی کا حقدار‘

راہل گاندھی نے اس سے پہلے اپنے ایک ٹوئٹ میں ماسک پہننے اور کورونا کی رہنما ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔ ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے بعد انہوں نے یہ اپیل کی تھی۔

راہل گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
راہل گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی جانب سے فی الحال ہر عمر کے زمرے کی ٹیکہ کاری سے انکار کیے جانے کے بعد کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا، ’’ہر ہندوستانی محفوظ زندگی جینے کا حقدار ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے اس سے پہلے اپنے ایک ٹوئٹ میں ماسک پہننے اور کورونا کی رہنما ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی تھی۔ ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے معاملوں کے بعد انہوں نے یہ اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ منگل کے روز ایک پریس کانفرنس سے وزیر صحت راجیش بھوشن نے کہا تھا کہ دنیا میں بھی اس پر غور و خوض ہوا اور جب بھی ٹیکہ کاری ہوتی ہے تو اس کا مقصد لوگوں کی حفاظت ہوتی ہے۔ ہندوستان، امریکہ، برطانیہ اور تمام ممالک اسی مقصد سے ٹیکہ فراہم کر رہے ہیں۔ جس کو ضرورت ہے اسی کو ٹیکہ دیا جاتا ہے۔


انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آج بھی سبھی کو ٹیکہ لگوانے کی اجازت نہیں ہے۔ امریکہ میں بھی عمر کے حساب سے ٹیکہ لگایا جا رہا ہے۔ فرانس میں بھی کہا گیا ہے کہ 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو خطرہ ہے، لہذا انہیں ہی ٹیکہ دیا جائے گا۔ راجیش بھوشن نے ہر عمر کے شخص کو ٹیکہ لگانے کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں یہ سب کچھ کہا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ معاملوں کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ بدھ کے روز کورونا کے ایک لاکھ 15 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے 115736 نئے کیس درج ہوئے ہیں، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12801785 ہو گئی ہے۔ اسی اثنا میں 630 مریضوں کی موت ہوئی اور اموات کی تعداد بڑھ کر 166177 ہو گئی۔ فی الحال کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 43 ہزار 473 ہوگئی ہے، جو کل کیسز کا 6.59 فیصد ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فعال مریضوں کی تعداد میں 55250 کا اضافہ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔