مہاراشٹر میں کورونا ویکسین کا بحران، تین روزہ اسٹاک باقی، کئی مراکز ہو سکتے ہیں بند

راجیش ٹوپے نے کہا کہ ریاست میں ویکسین کا اسٹاک محض تین دنوں کے لئے ہی کافی ہوگا۔ ہم نے مرکز سے گزارش کی ہے کہ وہ ہمیں مزید ویکسین مہیا کرائے۔

کورونا ویکسین / یو این آئی
کورونا ویکسین / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر میں کئی مقامات پر کورونا ویکسین کی قلت کا سامنا ہے اور کئی مقامات پر محض تین دن کا اسٹاک باقی رہ گیا ہے۔ ممبئی سمیت دوسرے کئی شہروں میں ویکسین کا ذخیرہ بہت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ ریاست کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے این ڈی ٹی وی سے بتایا کہ اس مسئلہ سے مرکزی حکومت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

راجیش ٹوپے نے کہا کہ ’’ریاست میں ویکسین کا اسٹاک محض تین دنوں کے لئے ہی کافی ہوگا۔ ہم نے مرکز سے گزارش کی ہے کہ وہ ہمیں مزید ویکسین مہیا کرائے۔ یہ حالت اس ریاست کی ہے جہاں ہر روز کورونا کے سب سے زیادہ مریضوں کی تشخیص ہو رہی ہے۔ ممبئی میں بھی محض تین دن کا اسٹاک بچا ہوا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے ان کی مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن سے منگل کے روز ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات ہوئی تھی۔


انہوں نے بتایا کہ ’’آج کی تاریخ میں 14 لاکھ ڈوز دستیاب ہیں، یہ صرف تین دنوں کا ہی اسٹاک ہے۔ اگر ہم نے ہر روز 5 لاکھ ویکسین بھی دیں تو ہر ہفتہ 40 لاکھ ڈوز درکار ہوں گی۔ ڈاکٹر ہرش وردھن سے ہم نے کہ کہ ہمارے کئی ویکسینیشن سینتروں پر ویکسین نہیں ہے، جس کی وجہ سے انہیں بند کرنا پڑا ہے۔ ڈوز کی قلت کی وجہ سے لوگوں کو واپس بھیجنا پڑ رہا ہے۔ لہذا آپ ہمیں ویکسین مہیا کرائیں۔‘‘

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے بھی ایسا ہی کہا ہے کہ ریاست میں کورونا ویکسین کی کمی ہے اور اسٹاک جلد ختم ہونے جا رہا ہے۔ ممبئی کے میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا کہ ممبئی میں ویکسین کا اسٹاک ختم ہونے والا ہے۔ ہم سرکاری اسپتالوں کو زیادہ سے زیادہ خوراک فراہم کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس کووی شیلڈ کی تقریباً ایک لاکھ خوراکیں ہی بچی ہوئی ہیں۔


خیال رہے کہ مہاراشٹر کورونا کی دوسری لہر سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہے۔ پہلی لہر میں بھی یہاں کی حالت ایسی تھی لیکن دوسری لہر نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔ ہندوستان میں بدھ کی صبح گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1.15 لاکھ معاملے رپورٹ ہوئے، جو ملک میں کورونا کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔