راہل گاندھی کا ’اٹل ٹنل‘ کے حوالہ سے مودی پر نشانہ، سوالوں کا سامنا کرنے کی تاکید

راہل گاندھی اپنے بیان میں کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم مودی ملک کے بارے میں نہیں سوچتے، انہیں صرف اور صرف اپنی شیبہ کی فکر ہے۔

راہل گاندھی / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی / تصویر بشکریہ ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی وزیر اعظم نریندر مودی پر مستقل حملہ آور ہیں اور انہوں نے بدھ کے روز سرنگ کے حوالہ سے ان پر نشانہ لگایا۔ راہل گاندھی نے آج ٹوئٹ کیا ’’محترم وزیر اعظم، تنہا سرنگ میں اپنے ہاتھ ہلانا چھوڑ دو، اپنی خاموشی توڑو۔ سوالوں کا سامنا کرو، ملک آپ سے بہت کچھ پوچھ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں راہل گاندھی کورونا وائرس، ہندوستان کی گرتی ہوئی معیشت، چھوٹے کاروباریوں کی ابتر صورت حال، بڑے صنعت کاروں کی قرض معافی، کسان مخالف زرعی قوانین، ہاتھرس اجتماعی آبروریزی و قتل اور چین کی طرف سے ہندوستان کی 1200 کلومیٹر زمین پر قبضہ کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا ہے۔ راہل گاندھی اپنے بیان میں کہہ رہے ہیں کہ وزیر اعظم مودی ملک کے بارے میں نہیں سوچتے، انہیں صرف اور صرف اپنی شیبہ کی فکر ہے۔


قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی نے ہفتہ کے روز ہماچل پردیش کے روہتانگ میں دنیا کی سب سے بڑی ’اٹل ٹنل‘ کا افتتاح کیا۔ یہ سرنگ 9.02 کلومیٹر لمبی ہے، جو منالی اور لاہول اسپیٹی وادی سے جوڑتی ہے۔ اس سرنگ سے منالی اور لاہول اسپیٹی وادی سال بھر ایک دوسرے سے جڑے رہ سکیں گے۔

کانگریس مودی حکومت کے حال ہی میں زراعت سے متعلق تین قوانین پر جارحانہ مؤقف اپنا رہی ہے۔ ان قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وائناڈ کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے تین دن تک پنجاب میں ٹریکٹر ریلی نکالی اور پھر منگل کے روز یہ ریلی ہریانہ پہنچی۔ راہل گاندھی کا یہ سفر دہلی میں اختتام پذیر ہونا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔