"کورونا سے پہلے ہی معیشت کا تھا برا حال"، پی ایم مودی پر راہل گاندھی کا حملہ
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک بار پھر ہندوستان کی بدحال معیشت کو لے کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ منظم اور غیر منظم معیشت کا کورونا سے پہلے ہی کافی برا حال تھا۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو ایک بار پھر ہندوستانی معیشت کی بدحالی کے پیش نظر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے مودی حکومت پر حملہ آور ہوتے ہوئے کہا کہ منظم اور غیر منظم معیشت کا کورونا وائرس کے پہلے سے ہی کافی برا حال ہے۔ اتنا ہی نہیں، انھوں حکومت کو مشورہ بھی دیا جس پر عمل نہیں کیا گیا۔ راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں یہ بھی کہا کہ جب تک کسانوں اور مزدوروں کو پیسہ ان کے ہاتھوں میں نہیں دیا جائے گا تب تک حالات میں بہتری نہیں ہو سکتی۔
دراصل راہل گاندھی نے آج ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا ہے جس کا کیپشن دیا ہے "آنجہانی راجیو گاندھی جی کے یوم پیدائش پر چھتیس گڑھ کانگریس کے پروگرام کے دوران میرے خطاب کے کچھ حصے۔" ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ "منظم اور غیر منظم معیشت کا کووڈ-19 کے پہلے سے ہی کافی برا حال ہے۔ جب تک پیسہ سیدھے سیدھے کسانوں، مزدوروں اور ایم ایس ایم ای کو نہیں دیا جائے گا، حالات میں بہتری نہیں ہو سکتی۔"
غور طلب ہے کہ راہل گاندھی نے ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اور والد راجیو گاندھی کے یوم پیدائش پر جمعرات کے روز چھتیس گڑھ میں منعقد تقریب کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ "ہندوستان میں گزشتہ سالوں میں لوگوں کو بہت نقصان ہوا ہے۔ ہندوستان کی معیشت سمجھنی ہے تو یہ بات سمجھنی ہوگی کہ ہندوستان میں دو معیشتیں ہیں، ایک منظم معیشت، اس میں بڑی بڑی کمپنیاں شامل ہیں۔ اور دوسری غیر منظم معیشت، اس میں ہمارے کسان ہیں، مزدور ہیں، چھوٹے دکاندار ہیں اور لاکھوں کروڑوں غریب لوگ ہیں۔"
ویڈیو میں راہل گاندھی کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ "کانگریس کی جن ریاستوں میں حکومت ہوتی ہے، ہم وہاں ان دونوں معیشتوں کو بیلنس کرنے کا کام کرتے ہیں۔ اگر غیر منظم معیشت مضبوط ہے تو وہ کوئی بھی جھٹکا برداشت کر سکتی ہے۔ گزشتہ 6 سالوں میں نریندر مودی جی نے غیر منظم معیشت پر حملہ کیا ہے۔ کیوں کیا ہے، کیونکہ اس غیر منظم معیشت میں پیسہ ہے اور نریندر مودی جی اس پیسے کو بڑے کاروباریوں کے حوالے کرنا چاہتے ہیں۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔