آر ایس ایس-بی جے پی ’سیکولرزم‘ پر ہو رہے حملے کی قیادت کر رہے ہیں: راہل
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ اس ملک میں سیکولرزم پر حملہ ہو رہا ہے اور اس کی قیادت آر ایس ایس-بی جے پی کر رہی ہیں۔ یہ صرف آئین پر حملہ نہیں ہے بلکہ تاریخ اور ثقافت پر بھی حملہ ہے۔
تمل ناڈو کے تھتھوکڈی واقع وی او سی کالج کے میدان میں ایک تقریب کے دوران کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ملک کے الگ الگ ایشوز پر پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیا۔ گفت و شنید پر مبنی ایک تقریب کے دوران انھوں نے کہا کہ ’’اداروں کے درمیان توازن بگڑتا ہے تو ملک میں بدامنی پیدا ہو جاتی ہے۔ گزشتہ چھ سالوں سے سبھی اداروں پر منظم طریقے سے حملہ کیا جا رہا ہے۔ افسوس ہے کہ ہندوستان میںسیکولرزم مر گئی ہے کیونکہ ایک تنظیم آر ایس ایس ہے جو ہمارے ملک کے اداروں میں موجود توازن کو بگاڑ رہی ہے اور برباد کر رہی ہے۔
راہل گاندھی نے آگے کہا کہ ’’سیکولرزم ہماری ثقافت اور تاریخ کی بنیاد ہے۔ اس ملک میں سیکولرزم پر حملہ ہو رہا ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی اس کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ صرف آئین پر حملہ نہیں ہے بلکہ تاریخ اور ثقافت پر بھی حملہ ہے۔ اسے روکنا بہت ضروری ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سوال یہ نہیں ہے کہ وزیر اعظم معاون ہیں یا نہیں، سوال یہ ہے کہ نریندر مودی کس کے لیے معاون ہیں۔ میں ملک کے غریبوں، کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے کارآمد ہوں اور نریندر مودی صرف دو لوگوں کے لیے کارآمد ہیں۔ ’ہم دو ہمارے دو‘، جو اپنی دولت بڑھانے کے لیے ان کا استعمال کر رہے ہیں اور غریبوں کے لیے بے کار ہیں۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر نے ایل اے سی کو لے کر بھی مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’چین نے ہندوستان کے کچھ اسٹریٹجک علاقوں پر قبضہ کیا ہے۔ پہلے انھوں نے ڈوکلام میں آئیڈیا کو ٹیسٹ کیا، انھوں نے دیکھا کہ ہندوستان نے رد عمل نہیں دیا۔ پھر انھوں نے اپنے اس آئیڈیئے کو لداخ، اروناچل پردیش میں دہرایا۔ اس حکومت میں دیپسانگ میں ہماری زمین واپس نہیں آئے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔