راہل گاندھی بہت اچھے وزیر اعظم بن سکتے ہیں، کیونکہ وہ ملک کی گہرائیوں کو سمجھتے ہیں: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ آج پورا ملک جان چکا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے راہل گاندھی سچ بولے گا، کسی سے نہیں ڈرے گا۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

پرینکا گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک میڈیا ادارہ کو انٹرویو دیتے ہوئے راہل گاندھی کے تعلق سے کئی اہم باتیں سامنے رکھیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی ہندو مذہب سے متعلق مباحثہ میں راہل گاندھی کا سامنا نہیں کر پائیں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ راہل گاندھی ہندو مذہب کے بارے میں بہت گہرائی سے جانکاری رکھتے ہیں۔

یہ انٹرویو پرینکا گاندھی نے ’آج تک‘ کو دیا جس میں ایک سوال یہ بھی کیا گیا کہ کیا راہل گاندھی وزیر اعظم بن سکتے ہیں؟ اس کے جواب میں پرینکا نے کہا کہ ’’کیوں نہیں بن سکتے۔ بہت اچھے وزیر اعظم بن سکتے ہیں، کیونکہ وہ ملک کی گہرائیوں کو سمجھتے ہیں۔‘‘ حالانکہ وہ یہ بھی کہتی ہیں کہ ’’لیکن اس انتخاب میں طے کیا گیا ہے کہ انڈیا بلاک کے لیڈران طے کریں گے کہ وزیر اعظم کون بنے گا۔ سبھی بیٹھ کر یہ طے کریں گے، اور وہ جس کو بھی منتخب کریں گے ہم اپنی حمایت دیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’میں آپ کو بتا دوں کہ وہ ہندو مذہب کی گہرائیاں سمجھتے ہیں۔ اگر مودی جی کل راہل جی کے ساتھ ہندو مذہب پر مباحثہ کریں تو میں دعویٰ کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ راہل جی کے سامنے وہ بول نہیں پائیں گے۔ وہ اتنا جانتے ہیں، ان کو اتنی معلومات ہے اور اتنی گہرائی میں چیزوں کو سمجھتے ہیں۔‘‘


پرینکا گاندھی سے جب یہ سوال کیا گیا کہ بی جے پی کہہ رہی ہے 400 پار، آپ کا نمبر کیا ہے، کیا آپ کو لگتا ہے 4 جون کو انڈیا اتحاد کی حکومت بنے گی؟ کیا بی جے پی فرنٹ فُٹ پر ہے اور آپ بیک فُٹ پر ہیں۔ جواب میں پرینکا نے کہا کہ ’’ہم بالکل بیک فُٹ پر نہیں ہیں، کیونکہ انڈیا اتحاد کے لیڈروں نے لگاتار عوام کے ایشوز اٹھائے ہیں۔ ہم لگاتار یہی کہہ رہے ہیں کہ مودی جی ایشوز پر آئیے، لیکن وہ ایشوز پر آ نہیں پا رہے ہیں۔‘‘

اس انٹرویو کے کچھ حصے ویڈیوز کی شکل میں کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل سے شیئر بھی کیا ہے۔ ایک ویڈیو میں پرینکا گاندھی کہتی دکھائی دے رہی ہیں کہ ’’بی جے پی چاہتی ہے کہ ہمارے کنبہ کو نازیبا الفاظ بولے جائیں، لیکن ہم خاموش رہیں۔ ہم خاموش کیوں رہیں؟ میری دادی نے ملک کے لیے 32 گولیاں کھائی ہیں۔ میں نے 19 سال کی عمر میں اپنے والد کی شہادت دیکھی ہے۔ میرے کنبہ نے ملک کے یے قربانی دی ہے۔ مجھے اس بات پر بے حد فخر ہے۔‘‘


ایک ویڈیو میں پرینکا گاندھی نے راہل گاندھی کی شبیہ خراب کرنے کی کوششوں پر کھل کر بات کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کی شبیہ خراب کرنے کے لیے بی جے پی نے بہت منظم طریقے سے کام کیا، کروڑوں روپے خرچ کیے۔ راہل گاندھی پر میڈیا سے لے کر بی جے پی لیڈران تک سب نے اتنا حملہ کیا، اتنی غلط باتیں پھیلائیں، پھر بھی وہ کھڑے رہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’راہل گاندھی جی کے بارے میں بی جے پی نے بے پناہ غلط باتیں پھیلائیں۔ انھیں گھر اور پارلیمنٹ سے نکالا گیا، نہ جانے کتنے مقدمے لگائے گئے۔ اتنا سب ہونے کے باوجود راہل گاندھی نہ ڈرے اور نہ جھکے۔ آج پورا ملک جانتا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے، یہ آدمی سچ بولے گا، کسی سے نہیں ڈرے گا۔‘‘

موجودہ حالات کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’آج عوام سمجھ چکی ہے کہ جو کچھ دکھایا جا رہا ہے، وہ سچائی نہیں ہے۔ حقیقت وہ خاتون ہے جو مہنگائی کی وجہ سے کچھ خرید نہیں پا رہی، حقیقت وہ کسان ہیں جو کمائی نہیں کر پا رہے، حقیقت وہ ماں-باپ ہیں جو قرض لے کر اپنے بچے کو پڑھا رہے ہیں۔ دوسری طرف پی ایم مودی بڑے بڑے پلیٹ فارم پر بڑے بڑے سیٹھوں کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں، جہاں بتایا جاتا ہے کہ ترقی ہو رہی ہے۔ اس لیے اب عوام ایشوز پر بات کرنا چاہتی ہے، مہنگائی و بے روزگاری پر بات کرنا چاہتی ہے۔ عوام چاہتی ہے کہ انھیں بتایا جائے کہ آپ ان کے لیے کیا کریں گے؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔