راہل گاندھی بنے بہاری بابو، سر پر ’گمچھا‘ باندھ کر کسانوں سے کی بات چیت
راہل گاندھی نے لینڈ ایکویزیشن معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھانے اور کانگریس کی حکومت بننے کے بعد کسانوں کے مفاد میں کام کرنے کا اعلان کیا
پورنیہ: کانگریس لیڈر اور ایم پی راہل گاندھی نے یہاں ٹھیٹھ ’بہاری بابو‘ اسٹائل میں کسانوں سے بات چیت کی اور یاترا کے دوران ایک ڈھابے پر رک کر چائے بھی پی۔ ان کی اس سادگی کو لوگوں نے خوب پسند کیا۔
یہ بھی پڑھیں : نفرت اور تشدد کے اس دور میں گاندھی جی ہوتے تو کیا کرتے؟
راہل گاندھی فی الوقت بھارت جوڑو یاترا کے دوران بہار کے پورنیہ میں ہیں۔ انہوں نے یاترا کے دوران ایک جگہ کسانوں سے بات چیت کی۔ بات چیت کرتے ہوئے راہل گاندھی اپنے سر پر ’گمچھا‘ باندھے ہوئے نظر آئے۔ اسی یاترا کے دوران انہوں نے سڑک کے کنارے ایک ڈھابے پر رک کر چائے بھی۔
راہل گاندھی نے پورنیہ کے سکندر پور پنچایت میں واقع شیشہ باڑی میں کسانوں کے ساتھ چوپال کی۔ اس موقع پر کسانوں نے راہل گاندھی سے کھل کر بات کی اور اپنے مسائل سے انہیں واقف کرایا۔ راہل گاندھی نے کسانوں کی زمین حکومت کی جانب سے حاصل کرنے (لینڈ ایکویزیشن) معاملے پر کہا کہ ’’وہ پارلیمنٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے اور جب ان کی حکومت بنے گی تو کسانوں کے مفاد میں کام کیے جائیں گے۔‘‘
کسانوں سے بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے صاف طور سے کہا، ’’میں یہاں کھوکھلی باتیں نہیں کر رہا ہوں۔ ہم نے کسانوں کا 72000 کروڑ روپئے کا قرض معاف کیا تھا۔ لینڈ ایکویزیشن بل لائے تھے۔ جب چھتیس گڑھ اور راجستھان میں ہماری سرکار تھی تو ہم نے زرعی پیداوار کی صحیح قیمت دی تھی۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’ کسانوں کے مفاد میں ہم نے کافی کام کیے ہیں اور آئندہ بھی کسانوں کے مفاد میں ہی کام کریں گے۔‘‘
راہل گاندھی کی کسانوں سے بات چیت کے دوران سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کی برسی پر کسانوں کے ساتھ ’مون ورت‘ بھی رکھا۔ راہل گاندھی کے سامنے اپنی بات رکھنے والے کسانوں نے کہا کہ وہ قرض کے بوجھ تلے ڈوبے ہوئے ہیں لیکن حکومت ان کی کوئی خبر نہیں لیتی۔ اس یاترا کے دوران راہل گاندھی نے درمیان ہائی وے کے کنارے ایک ڈھابے پر رک کر چائے بھی پی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔