مودی حکومت پر راہل گاندھی کا زبردست حملہ، 1450000000000 روپے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا 'یہ ہے سوٹ بوٹ کی سرکار'
راہل گاندھی نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "1450000000000 روپے کی ٹیکس چھوٹ کا فائدہ بڑے تاجروں کو دیا گیا۔ لیکن متوسط طبقہ کو قرض پر سود معافی تک نہیں دی گئی، کیونکہ یہ ہے سوٹ بوٹ کی سرکار۔"
کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے ایک بار پھر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اس بار انھوں نے مرکز کی مودی حکومت پر زبردست حملہ کرتے ہوئے اسے غریبوں کی نہیں بلکہ امیروں کی حکومت قرار دیا ہے۔ راہل گاندھی نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "1450000000000 روپے کی ٹیکس چھوٹ کا فائدہ بڑے تاجروں کو دیا گیا۔ لیکن متوسط طبقہ کو قرض پر سود معافی تک نہیں دی گئی، کیونکہ یہ ہے سوٹ بوٹ کی سرکار۔"
قابل ذکر ہے کہ موریٹوریم مدت کے دوران ٹالی گئی ای ایم آئی پر سود نہ لینے کے مطالبہ کا فیصلہ نہ لینے پر سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور آر بی آئی کو پھٹکار لگائی ہے۔ 31 اگست کو موریٹوریم کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں مودی حکومت پر بڑے تاجروں کے قرض معاف کرنے کا الزام پہلے بھی کئی بار لگا چکی ہیں۔ راہل گاندھی معاشی محاذ پر لگاتار مودی حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں اور 26 اگست کو بھی انھوں نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا تھا۔
بدھ کے روز کیے گئے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے لکھا تھا کہ "آر بی آئی نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی جس کی میں مہینوں سے تنبیہ کر رہا ہوں۔ ضروری ہے کہ حکومت خرچ بڑھائے، قرض نہیں غریبوں کو پیسہ دے، نہ کہ صنعت کاروں کو ٹیکس تخفیف کر کے معیشت کو پھر شروع کرے۔ میڈیا کے ذریعہ دھیان بھٹکانے سے نہ غریبوں کی مدد ہوگی، نہ معاشی مسائل کا حل نکلے گا۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Aug 2020, 6:56 PM