’یہ بدعنوانی کا بے حد خطرناک کھیل ہے‘، راہل گاندھی نے مودی-اڈانی گٹھ جوڑ پر پھر کیا حملہ

راہل گاندھی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب بندرگاہ، ایئرپورٹ، سیمنٹ، ڈیفنس سب اڈانی کے حوالے کیے جاتے ہیں تب انھیں ملنے والا منافع کس کی جیب سے جاتا ہے؟ آپ کی جیب سے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی (فائل)، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی (فائل)، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی نے اڈانی رشوت ستانی معاملہ پر ایک بار پھر پی ایم مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے پی ایم مودی اور اڈانی کے گٹھ جوڑ کو ’بے حد خطرناک کھیل‘ قرار دیا ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ اڈانی پی ایم مودی کو فنڈ دیتے ہیں اور بدلے میں مودی جی انھیں ملک کی ملکیت سونپتے ہیں۔ وہ دونوں سب سے پہلے ایک دوسرے کی حفاظت کرتے ہیں، لیکن اس میں قیمت عام ہندوستانی کو ادا کرنی پڑ رہی ہے۔

راہل گاندھی نے ’مودانی‘ پر تازہ حملہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ بدعنوانی کا بے حد خطرناک کھیل ہے۔ اڈانی مودی جی کو فنڈ دیتے ہیں اور بدلے میں مودی جی انھیں ملک کی قومی ملکیت سونپتے ہیں۔ وہ دونوں سب سے پہلے ایک دوسرے کی حفاظت کرتے ہیں۔ لیکن اس میں قیمت کسے ادا کرنی پڑ رہی ہے؟ آپ کو، عام ہندوستانی کو!‘‘


اس پوسٹ میں راہل گاندھی آگے لکھتے ہیں کہ ’’جب اڈانی رشوت دے کر مہنگی بجلی فروخت کرنے کا معاہدہ کرتے ہیں تب بڑھی ہوئی بجلی کی قیمت کسے ادا کرنی پڑتی ہے؟ آپ کو، عوام کو۔ جب گھوٹالے سامنے آنے پر اڈانی کے فرضی طریقے سے بڑھائے ہوئے شیئر گرتے ہیں تب نقصان کس کا ہوتا ہے؟ آپ کا، ریٹیل انویسٹرس کا۔ جب بندرگاہ، ایئرپورٹ، سیمنٹ ڈیفنس سب اڈانی کے حوالے کیے جاتے ہیں، تب انھیں ملنے والا منافع کس کی جیب سے جاتا ہے؟ آپ کی جیب سے۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’اسی لیے میں بار بار بول رہا ہوں، اس کھیل کو سمجھیے۔ اس میں شکست ہمیشہ عوام کی ہوگی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔