رافیل ڈیل: راہل گاندھی نے مودی حکومت کو پھر بنایا نشانہ

راہل گاندھی نے حکومت کے رافیل سے جڑی معلومات کیگ کو نہ دینے سے متعلق ایک اخبار میں شائع خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت رافیل گھپلے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اور سچ چھپا رہی ہے۔

راہل گاندھی
راہل گاندھی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے رافیل جنگی طیارہ سودے کے سلسلے میں وزیراعظم نریندرمودی پر نشانہ لگاتے ہوئے ہفتے کو کہا کہ سچ کو لاکھ کوشش کے بعد بھی چھپایا نہیں جا سکتا۔ راہل گاندھی نے حکومت کے رافیل سے جڑی معلومات کیگ کو نہ دینے سے متعلق ایک اخبار میں شائع خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت رافیل گھپلے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اور سچ چھپا رہی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا، ’’رافیل کے لئے ہندوستانی حکومت کے خزانےسے پیسہ چرایا گیا۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سچ کے سلسلے میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے ایک بیان کی مثال دیتے ہوئے لکھا، ’’سچ ایک ہے، راستے کئی ہیں۔‘‘


راہل گاندھی نے رافیل طیارے پر شائع خبر کو بھی پوسٹ کیا جس میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل، سی اے جی نے رافیل آف سیٹ سودے کے سلسلے میں حکومت کو رپورٹ سونپی ہے جس سے رافیل پر ہوئے خرچ کی کوئی تفصیل نہیں ہے کیونکہ وزارت دفاع نے کیگ کو اس سلسلے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔

واضح رہے کہ دسمبر 2018 میں سپریم کورٹ نے 36 لڑاکا طیاروں کی 59 ہزار کروڑ روپے میں خریداری کی، عدالت کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی مفاد عامہ کی عرضیوں کو عدالت عظمی نے خارج کر دیا تھا۔ نیز یہ بھی کہا تھا کہ اسے اس میں کوئی غلط چیز نظر نہیں آتی ہے۔ 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں اس وقت کے کانگریس صدر راہل گاندھی نے رافیل سودا میں رشوت کے الزامات لگاتے ہوئے اسے انتخابی ایشو بنایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔