متھرا: مسجد گرانے کا اعلان کرنے والے 13 افراد کے خلاف فرضی ٹرسٹ تشکیل دینے کا مقدمہ
دیو مراری باپو اور ان کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے سازش کر کے رقم جمع کرنے کے مقصد سے ’شری کرشن جنم بھومی نرمان نیاس‘ نامی ٹرسٹ تشکیل دیا ہے، پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔
متھرا: متھرا کے کرشن مندر کے نزدیک واقع شاہی مسجد عید گاہ کے انہدام کا ارادہ رکھنے والے ورنداون کے نام نہاد سنت دیو مراری باپو و ایک درجن دیگر لوگوں کے خلاف فرضی ٹرسٹ تشکیل دینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ان لوگوں پر الزام ہے کہ انہوں نے سازش کر کے رقم جمع کرنے کے مقصد سے ’شری کرشن جنم بھومی نرمان نیاس‘ نامی ٹرسٹ تشکیل دیا ہے، پولیس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن پہلے دیو مراری کے خلاف پولیس نے اشتعال انگیز بیان دے کر دو فرقوں میں دشمنی پیدا کرنے کی کوشش کے الزام میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ متھرا کے مقامی شہری پہلے ہی دیو مراری کی متنازعہ مہم سے خود کو علیحدہ کر چکے ہیں۔
تھانہ گووند نگر کے انچارج انسپکٹر اجے کمار سنگھ نے بھاشا کو بتایا، ‘‘شری کرشن جنم بھومی ٹرسٹ کے سکریٹری کپل شرما نے تھانہ میں شکایت دی ہے کہ ملزمان نے فرضی اور دھوکہ دہی سے شری کرشن جنم بھومی ٹرسٹ کے متوازی اور تقریباً یکساں نام سے شری کشن جنم بھومی نرمان ٹرسٹ تشکیل دے کر متھرا کے سب رجسٹرار کے یہاں ٹرسٹ رجسٹرڈ کرا لیا ہے۔‘‘
تھانہ انچارج نے کہا کہ اس معاملہ میں دیو مراری باپو، انوراگ تیوری، نول بہار شرن عرف نکول دبے، بال کرشن داس، کرشن داس پریمی یوگی، گوپال داس، سنتوش شرن، امبیکا داس، اپدیش داس، آچاریہ آر شرما وغیرہ کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات اور آئی ٹی قانون کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی کی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Aug 2020, 11:57 AM