پنجاب: امرتسر میں حالات کشیدہ، تلوار-بندوق کے ساتھ امرتپال سنگھ کے ہزاروں حامیوں نے اجنالا تھانہ پر کیا قبضہ
بدھ کے روز ہی امرتپال نے متنبہ کیا تھا کہ اگر اس پر اور اس کے ساتھیوں پر دائر ایف آئی آر بدھ کی شام تک رد نہ کی گئی تو اپنے حامیوں سمیت تھانہ اجنالا کا گھیراؤ کرنے پہنچے گا۔
پنجاب کے امرتسر میں اس وقت حالات کشیدہ نظر آ رہے ہیں۔ سکھ تنظیم ’وارث پنجاب دے‘ کے چیف امرتپال سنگھ کی طرف سے اجنالا پولیس کو دی گئی دھمکی کے بعد جمعرات کو اجنالا تھانہ کے باہر امرتپال کے ہزاروں حامیوں نے تلواروں اور بندوقوں کے ساتھ جمع ہو کر ہنگامہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امرتپال کے حامیوں نے پولیس بیریکیڈ توڑ دیئے اور تھانے پر قبضہ کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ امرتپال بھی موقع پر پہنچے اور تھانہ کا گھیراؤ کیا۔
یہ ہنگامہ امرتپال کے قریبی ساتھی لوپریت طوفان کی گرفتاری کے خلاف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بدھ کے روز ہی امرتپال نے متنبہ کیا تھا کہ اگر اس پر اور اس کے ساتھیوں پر دائر ایف آئی آر بدھ کی شام تک رد نہ کی گئی تو اپنے حامیوں سمیت تھانہ اجنالا کا گھیراؤ کرنے پہنچے گا۔ اس اعلان کو دیکھتے ہوئے امرتسر میں پولیس انتظامیہ نے سیکورٹی کا سخت انتظام کیا تھا۔ الگ الگ راستوں سے اجنالا پولیس اسٹیشن میں پہنچنے والے مقامات پر خصوصی ناقہ بندی کی گئی تھی اور زبردست پولیس فورس کی تعیناتی ہوئی تھی۔ اس کے باوجود امرتپال کے حامی جمعرات کے روز بڑی تعداد میں تھانہ اجنالا پہنچے اور خوب ہنگامہ کیا۔
امرتپال سنگھ کے کچھ حامی صبح سویرے ہی تھانہ اجنالا کے باہر پہنچ گئے تھے جہاں پہلے سے تعینات پولیس فورس نے انھیں حراست میں لے لیا۔ بعد میں جب امرتسر دیہات کے ایس ایس پی موقع پر پہنچے تو حراست میں لیے گئے نوجوانوں کو چھوڑ دیا گیا۔ اجنالا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ماحول کشیدہ دکھائی دے رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔