دہلی میں پٹاخہ پر پابندی کے خلاف مظاہرہ، ’پٹاخے جلاؤ، کورونا بھگاؤ‘ کا نعرہ ہوا بلند

ایک ویڈیو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کانگریس لیڈر الکا لامبا نے لکھا ہے ’’یعنی ویکسین خواہ مخواہ ہی لگائی جا رہی ہے... جب پٹاخوں سے ہی کورونا بھگایا جا سکتا ہے۔‘‘

تصویر ٹوئٹر @JaiBhagwanGoyal
تصویر ٹوئٹر @JaiBhagwanGoyal
user

تنویر

دہلی میں دیوالی کے موقع پر پٹاخہ فروخت کرنے اور چھوڑنے پر سخت پابندی عائد کی گئی ہے۔ عدالت نے بھی واضح کر دیا ہے کہ ماحولیات پر پڑنے والے برے اثرات سے بچنے کے لیے پٹاخوں کا استعمال نہ کیا جائے تو بہتر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 50 سے زائد کاروباریوں اور پٹاخہ بنانے والی کمپنیوں نے گزشتہ روز دہلی ہائی کورٹ سے اپنی اس عرضی کو واپس لے لیا جس میں دہلی حکومت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ لیکن کچھ ہندو تنظیمیں دیوالی کے موقع پر پٹاخہ پھوڑے جانے کی اجازت نہ دیئے جانے پر ناراض ہیں۔ آج ’راشٹروادی شیوسینا‘ نامی تنظیم نے راجدھانی کے جنتر-منتر میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پٹاخہ پھوڑنے کی اجازت اس لیے مانگی جا رہی ہے تاکہ کورونا کا خاتمہ کیا جا سکے۔ ویڈیو میں کچھ لوگ ’پٹاخے جلاؤ، کورونا بھگاؤ‘ کا نعرہ بلند کرتے نظر آ رہے ہیں۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں کچھ تختیاں بھی نظر آ رہی ہیں جس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایک تختی پر لکھا گیا ہے ’’کیجریوال دیوالی میں پٹاخے پر روک لگا کر اپنے آپ کو کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ ایک دیگر تختی پر لکھا گیا ہے ’’پٹاخے چھڑاؤ، ملیریا، چکن گنیا، ڈینگو بھگاؤ۔‘‘


’پٹاخے جلاؤ، کورونا بھگاؤ‘ نعرہ لگاتے ہوئے پوسٹ ویڈیو کو کانگریس لیڈر الکا لامبا نے بھی ری ٹوئٹ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے ’’یعنی ویکسین خواہ مخواہ ہی لگائی جا رہی ہے۔ جب پٹاخوں سے ہی کورونا بھگایا جا سکتا ہے۔‘‘ اس کے ساتھ انھوں نے ’ہیش ٹیگ میری دہلی‘ بھی لگایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔