’’وطن عزیز کا تحفظ امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے‘‘

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اعلی اخلاقی اقدار، جذبہ صادق اور جہد مسلسل سے اپنی زندگیوں کو عبارت کر کے برادران وطن کے قلوب و اذہان سے اسلام کے تئیں پائے جانے والے شبہات کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔

جماعت اسلامی آفس، تصویر @JIHMarkaz
جماعت اسلامی آفس، تصویر @JIHMarkaz
user

یو این آئی

لکھنؤ: جماعت اسلامی یوپی مشرق کے امیر حلقہ ڈاکٹر ملک فیصل فلاحی نے پیر کو جماعت اسلامی کے کارکنوں سے اپنے خطاب میں صحت مند سیاست کو قوت بخشنے کے لئے جدوجہد کرنے و برداران وطن سے خوشگوار تعلقات وابستہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وطن عزیر کا تحفظ امت مسلمہ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر فیصل ضلع سدھارتھ نگر کے نوگڑھ علاقے میں ایک خصوصی پروگرام میں ارکان، کارکنان، متفقین جماعت اور معززین شہر سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے وطن عزیر کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت وطن عزیر صحت مند سیاست کے فقدان، معاشی بحران، تعلیمی پسماندگی، مذہبی تعصبات فسطائی قوتوں کی ریشہ دوانیوں کا شکار ہے۔ وطن عزیز کو جملہ مسائل و مشکلات سے باہر نکالنا ہر محب وطن بطور خاص امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے۔


برادران وطن سے خوشگوار تعلقات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ اعلی اخلاقی اقدار، جذبہ صادق اور جہد مسلسل سے اپنی زندگیوں کو عبادت کرکے برادران وطن کے قلوب و اذہان سے اسلام و مسلمانوں کے تئیں پائے جانے والے شبہات کا مختلف انداز سے ازالہ کیا جاسکتا ہے۔ اور ایسا کر کے ہم سماج میں نفرت کا بیج بونے والوں کو کاری ضرب لگا سکتے ہیں۔

امیر حلقہ نے ملی اتحاد و اجتماعی کوشش کو تبدیلی کا اصل منبع قرار دیتے ہوئے کہا کہ جملہ مسالک و ملی تنظیمیں مشترک ایشوز میں باہمی اتحاد و اتفاق کے ذریعے سرگرمیوں کو انجام دیں۔ مشترک ایشوز میں بغیر اتحاد کے کسی مثبت تبدیلی کا تصور ممکن نہیں۔ کیونکہ انفرادی کوششوں سے صرف وقتی تبدیلی ہوتی ہے اور اجتماعی کوششوں سے دائمی تاریخ رقم کی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔