راجستھان بلدیاتی انتخاب: کانگریس کی شاہانہ فتح، بی جے پی آزاد امیدواروں سے بھی پیچھے
راجستھان کے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس نے بی جے پی کو شکست فاش دے دی ہے۔ کانگریس نے 12 اضلاع کے 50 بلدیہ میں 620 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ آزاد امیدواروں نے 595 سیٹیں حاصل کر دوسرا مقام حاصل کیا۔
راجستھان کے بلدیاتی انتخابات میں کانگریس کی زبردست فتح نے ایک بار پھر ریاست کی گہلوت حکومت کی بہترین کارکردگی پر مہر ثبت کر دی ہے۔ ریاست کے 12 اضلاع کے 50 بلدیہ کی کل 1775 سیٹوں میں سے کانگریس نے 620 سیٹوں پر فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ ان انتخابات میں آزاد امیدواروں نے 595 سیٹیں جیتی ہیں، وہیں مرکز میں برسراقتدار بی جے پی 549 سیٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر رہی۔
کامیاب آزاد امیدواروں میں سے بیشتر نے کانگریس کی حمایت کا اظہار کیا ہے، جس سے ضلع پریشدوں میں کانگریس حکومت تشکیل پانے کا امکان ہے۔ ان انتخابات میں کانگریس کی جیت پر وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے سبھی امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے اس کے لیے سبھی کارکنان اور ووٹروں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ ان انتخابی نتائج کے بعد کانگریس کم از کم 41 بلدیہ پر حکومت کرنے کی حالت میں آ گئی ہے جب کہ بی جے پی محض 9 تک محدود ہو گئی ہے۔
راجستھان بلدیاتی انتخابات کی اہم بات یہ ہے کہ کانگریس نے سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے کے آبائی ضلع شری گنگا نگر میں بی جے پی کو شکست دے دی ہے۔ علاوہ ازیں بی جے پی کا قلع تصور کیے جانے والے جے پور میں بھی بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہاں کانگریس نے 10 بلدیات میں سے 6 پر فتح حاصل کی ہے۔ اس انتخابی جیت پر کانگریس کے ریاستی صدر گووند سنگھ دوستارا نے کہا ہے کہ کانگریس ان سبھی بلدیہ میں حکومت قائم کرنے کی حالت میں ہے جو اہمیت کے حامل ہیں۔ ان میں آزاد امیدواروں کی حمایت کا کردار اہم ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : کسان تحریک: یہ وہ کسان ہیں جن کی مظاہرہ کے دوران جان گئی
دوستارا نے کہا کہ اس سے قبل بی جے پی 50 میں سے 34 بلدیات میں برسراقتدار تھی، لیکن کانگریس نے اپنی محنت سے بی جے پی کو شکست فاش دی ہے اور بی جے پی محض 4 بلدیات میں ہی اپنی طاقت پر جیت حاصل کر سکی ہے۔ بی جے پی کو ان انتخابات میں صرف 8 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔