وعدہ ہوا پورا! پی ایم مودی کو نیرج چوپڑا نے کھلایا اپنی ماں کے ہاتھوں سے بنا ’چورما‘

پی ایم مودی نے ایک خط لکھ کر نیرج چوپڑا کی ماں سروج دیوی کا شکریہ ادا کیا ہے، انھوں نے بتایا کہ ایک تقریب کے دوران خوشی کی انتہا نہ رہی جب مجھے آپ کے ہاتھوں سے تیار ذائقہ دار چورما ملا۔

<div class="paragraphs"><p>نیرج چوپڑا اور نریندر مودی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

نیرج چوپڑا اور نریندر مودی، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے مشہور جیولن تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا نے گزشتہ روز اپنا ایک وقت تب پورا کر دیا جب انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی ماں کے ہاتھوں سے تیار ’چورما‘ کھانے کو دیا۔ موقع تھا جمائیکا کے وزیر اعظم اینڈریو ہولنیس کے دورۂ ہند پر کھانے کی ایک تقریب کا۔ اس دوران کئی بڑی ہستیاں موجود تھیں اور نیرج چوپڑا بھی وہاں پہنچے۔ اس ملاقات کے وقت ہی نیرج چوپڑا نے اپنی ماں کے ہاتھوں سے تیار ’چورما‘ پی ایم مودی کے حوالے کیا۔

قابل ذکر ہے کہ نیرج چوپڑا سے ہوئی کئی ملاقاتوں کے دوران پی ایم مودی نے ان کی ماں کے ہاتھوں سے بنا چورما کھانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پیرس اولمپک میں جانے سے پہلے نیرج چوپڑا نے پی ایم مودی سے وعدہ کی اتھا کہ اس بار وہ چورما لے کر آئیں گے۔ اب نیرج چوپڑا نے اپنا یہ وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انھوں نے پی ایم مودی کو ماں کی ہاتھوں سے بنا چورما کھلایا جو وزیر اعظم کو بہت ذائقہ دار لگا۔


پی ایم مودی نے اس چورما کا ذائقہ لینے کے بعد نیرج چوپڑا کی ماں سروج دیوی کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ خط میں پی ایم مودی لکھتے ہیں کہ ’’قابل احترام سروج دیوی جی، پرنام! امید ہے آپ صحت مند اور بخیر و عافیت ہوں گی۔ کل جمائیکا کے وزیر اعظم کے دورۂ ہند کے موقع پر منعقد بھوج میں مجھے بھائی نیرج سے ملنے کا موقع ملا۔ ان سے بات چیت کے درمیان میری خوشی تب مزید بڑھ گئی جب انھوں نے مجھے آپ کے ہاتھوں سے بنا ذائقہ دار چورما دیا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’اس چورمے کو کھانے کے بعد آپ کو خط لکھنے سے خود کو روک نہ سکا۔ بھائی نیرج اکثر مجھ سے اس چورمے کی بات کرتے ہیں، لیکن آج اسے کھا کر میں جذباتی ہو گیا۔ آپ کی بے پناہ محبت اور اپنائیت سے بھرے اس تحفہ نے مجھے میری ماں کی یاد دلا دی۔‘‘

اپنے خط میں پی ایم مودی آگے لکھتے ہیں کہ ’’یہ اتفاق ہی ہے کہ مجھے ماں کا یہ پرساد نوراتر تہوار کے ایک دن پہلے ملا ہے۔ میں نوراتری کے ان 9 دنوں میں اُپواس (روزہ) کرتا ہوں۔ ایک طرح سے آپ کا یہ چورما میرے اُپواس کے پہلے میری اہم غذا بن گیا ہے۔ جس طرح آپ کا بنایا کھانا جیسے بھائی نیرج کو ملک کے لیے میڈل جیتنے کی توانائی دیتا ہے، ویسے ہی یہ چورما اگلے 9 دن مجھے ملک کی خدمت کرنے کی طاقت دے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔