اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی بائیوپک میں کس اداکار کو رول ملنا چاہئے! نیرج چوپڑا نے دیا جواب
نیرج چوپڑا نے حال ہی میں ارشد ندیم کی بائیوپک کے حوالہ سے رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بائیوپک بنے تو اس میں امیتابھ بچن کو لیڈ رول دیا جانا چاہئے
نئی دہلی: پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلہ میں گولڈ میڈل جیتا ہے، جبکہ ہندوستان کی جانب سے نیرج چوپڑا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ میڈل جیتنے کے بعد نیرج چوپڑا سے ارشد ندیم کی بائیوپک کے بارے میں پوچھا گیا، انہوں نے جواب دیا کہ ندیم کا کردار کس بالی ووڈ اسٹار کو ادا کرنا چاہیے۔ ارشد نے بھی اس سوال کا جواب دیا، انہوں نے کہا کہ اگر نیرج پر بائیوپک بنتی ہے تو شاہ رخ خان کو ان کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
دراصل پیرس اولمپکس 2024 میں میڈل جیتنے کے بعد نیرج اور ارشد نے ایک مختصر انٹرویو دیا تھا۔ اس دوران جیو سنیما پر دونوں سے بائیوپک کے بارے میں سوال پوچھا گیا۔ نیرج نے کہا کہ اگر ارشد ندیم پر بائیوپک بنتی ہے تو امیتابھ بچن کو اس کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ارشد کا قد زیادہ ہے، جس کی وجہ سے امیتابھ اس کردار میں فٹ ہوں گے۔ جبکہ ارشد نے نیرج کی بائیوپک کے لیے شاہ رخ خان کا نام تجویز کیا۔ دونوں کے اس انٹرویو کو سوشل میڈیا پر کافی پسند کیا جا رہا ہے۔ جیو سنیما نے اسے ایکس پر بھی شیئر کیا ہے۔
خیال رہے کہ نیرج اور ارشد نے پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ارشد نے 92.97 میٹر تک نیزہ پھینک کر اولمپکس ریکارڈ قائم کر دیا، انہوں نے اس ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ وہیں نیرج نے 89.45 میٹر کا تک نیزہ پھینک کر چاندی کا تمغہ جیتا۔ غورطلب ہے کہ نیرج چوپڑا نے سابقہ ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ نیرج نے اس مرتبہ اپنی سابقہ کارکردگی سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، تاہم ارشد ندیم نے ریکارڈ قائم کر کے انہیں دوسرے مقام پر دھکیل دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔