نوجوانوں نے بھری 'مہاہُنکار'، حکومت نے رخ نہیں بدلا تو بدل دیں گے سرکار: پرینکا گاندھی

بے روزگاری کو لے کر پرینکا گاندھی نے مودی حکومت کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے۔ نوجوانوں کے مطالبات شمار کراتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر اسی طرح حکومت آنکھیں موندے رہی تو یہ نوجوان سرکار بدل دیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ہندوستان میں آج نوجوان طبقہ 'قومی یومِ بے روزگاری' منا رہا ہے۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی بے روزگاری کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلا رہی ہے۔ اس درمیان کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بے روزگاری کو لے کر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے "نوجوانوں کے مطالبات: وقت پر امتحان، طے وقت میں ریزلٹ، بغیر عدالت گئے تقرری، ملازمتوں میں اضافہ، کانٹریکٹ قانون رد ہو۔"

مذکورہ بالا مطالبات کا شمار کرانے کے بعد پرینکا گاندھی نے آخر میں یہ بھی لکھا ہے کہ "نوجوانوں نے مہاہُنکار بھری ہے۔ اب بھی حکومت آنکھیں موندے بیٹھی رہی اور اپنا رخ نہیں بدلا تو نوجوان سرکار بدل دیں گے۔" اس کے ساتھ کانگریس لیڈر نے نیشنل اَن ایمپلائمنٹ ڈے ہیش ٹیگ بھی لگایا ہے۔


اس سے قبل کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی بے روزگاری کے ایشو پر مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے سوال کیا کہ بے روزگاروں کو 'روزگار' کی عزت کب دی جائے گی؟ راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا کہ "یہی وجہ ہے کہ ملک کا نوجوان آج قومی یومِ بے روزگاری منانے پرمجبور ہے۔ روزگار عزت ہے۔ حکومت کب تک یہ عزت دینے سے پیچھے ہٹے گی؟"

راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ ہی ایک اخبار کی رپورٹ بھی شیئر کی جس میں ملک میں ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کے بے روزگار ہونے اور سرکاری ملازمتوں میں صرف کچھ لاکھ تقرریاں ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سوشل میڈیا پر آج کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیاں اجتماعی طور پر 'یوم بے روزگاری' منا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔