’کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئی تو نافذ ہوگا گرہ لکشمی منصوبہ‘، چھتیس گڑھ میں پرینکا گاندھی کا وعدہ

پرینکا گاندھی نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت نے کسانوں، مزدوروں، خواتین، قبائلیوں، دلتوں اور غریبوں کے لیے خوشحالی کا ایک ماڈل پیش کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCIndia</p></div>

تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے دوسرے اور آخری مرحلہ کی ووٹنگ میں اب صرف چار دن بچ گئے ہیں۔ اس مرحلہ میں 70 اسمبلی سیٹوں پر ہونے والے انتخاب سے ٹھیک پہلے پیر کے روز کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اعلان کیا کہ پارٹی ریاست میں ’گرہ لکشمی‘ منصوبہ نافذ کرے گی جس میں ہر سال خواتین کے اکاؤنٹ میں 15 ہزار روپے ٹرانسفر کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’گرہ لکشمی منصوبہ چھتیس گڑھ میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ خواتین کے اکاؤنٹ میں سالانہ 15 ہزار روپے ٹرانسفر کیے جائیں گے اور اس کے ساتھ ہر ایل پی جی سلنڈر ریفلنگ پر 500 روپے کی سبسیڈی ملے گی۔ ساتھ ہی این جی اوز اور ’سکشم یوجنا‘ کے قرض معاف کیے جائیں گے۔‘‘


پرینکا گاندھی نے اپنے پوسٹ میں یہ بھی لکھا ہے کہ ’’چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت نے کسانوں، مزدوروں، خواتین، قبائلیوں، دلتوں اور غریبوں کے لیے خوشحالی کا ایک ماڈل پیش کیا ہے۔ زراعت، گئو پروری، جنگلی پیداوار سمیت ہر مقامی مصنوعات سے لوگوں کی آمدنی بڑھ رہی ہے۔ چھتیس گڑھ میں گیہوں، دھان اور دیگر فصلوں کے لیے سب سے زیادہ ایم ایس پی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ کانگریس نے پہلے ہی چھتیس گڑھ کی عوام کے لیے کئی گارنٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔ ان گارنٹیوں میں چھتیس گڑھ میں کے جی سے پی جی تک مفت تعلیم جیسا بڑا اعلان بھی شامل ہے۔ کانگریس معدنیات سے بھرپور ریاست میں لگاتار دوسری بار حکومت تشکیل دینے کا ارادہ رکھتی ہے جہاں بھوپیش بگھیل حکومت اپنی عوام حامی منصوبوں اور گزشتہ پانچ سالوں میں ان کی حکومت کے ذریعہ کیے گئے کاموں کی بنیاد پر ووٹ مانگ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔