راجیہ سبھا میں وزیر اعظم کا جذباتی ہونا بہترین اداکاری تھی: ششی تھرور
ششی تھرور نے کہا کہ ’’یہ ان کی بہترین ادکاری تھی۔ یہ تقریر انہوں نے جزوی طور پر (کسان لیڈر) راکیش ٹکیت کو جواب دینے کے لئے دی۔ انہوں نے یہ ظاہر کیا کہ ان کے پاس بھی آنسو ہیں۔‘‘
نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے بدھ کے روز راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف غلام نبی آزاد کے الوداع کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی جذباتی تقریر کو بہترین اداکاری قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز راجیہ سبھا میں غلام نبی آزاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کی زبردست تعریف کی تھی اور کئی مرتبہ جذباتی ہوگئے تھے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق نائب صدر حامد انصاری کی کتاب ’بائی مینی اے ہیپی ایکسیڈنٹ: ری کلیکشن آف اے لائف‘ پر منعقدہ مباحثہ میں شرکت کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ ’’یہ ان کی بہترین ادکاری تھی۔ یہ تقریر انہوں نے جزوی طور پر (کسان لیڈر) راکیش ٹکیت کو جواب دینے کے لئے دی۔ انہوں نے یہ ظاہر کیا کہ ان کے پاس بھی آنسو ہیں۔‘‘ دراصل، حال ہی میں کسان تحریک کے دوران راکیش ٹکیت بھی جذباتی ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ راجیہ سبھا میں وزیر اعظم نریندر مودی حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد کی تعریف کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے تھے۔ وزیر اعطم نے انہیں ایک بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا، کہ ’’ایوان کے اگلے قائد حزب اختلاف کو آزاد کی جانب سے قائم کیے گئے اقدار کو پورا کرنے میں دقتوں کا سامنا ہوگا۔ آزاد نے اپنی جماعت کی جس طرح سے فکر کی اسی طرح سے ایوان کی اور ملک کی بھی فکر کی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آزاد نے قائد حزب اختلاف کے منصب پر فائز رہتے ہوئے کبھی اپنا غلبہ قائم کرنے کی کوشش نہیں کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔