وزیر اعظم مودی کل کریں گے پونے میٹرو کا افتتاح، کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے

پی ایم مودی کل صبح 11:30 بجے پونے میٹرو ریل کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم نے 24 دسمبر 2016 کو اس شہر میں عالمی معیار کے نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) کی سہولت کے قیام کے لیے اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو پونے کا دورہ کریں گے اور وہاں میٹرو ریل پروجیکٹ کا افتتاح کرنے کے ساتھ دیگر کچھ ترقیاتی پروجیکٹس کا افتتاح کریں گے اور کچھ پروجیکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق پی ایم مودی صبح 11 بجے پونے میونسپل کارپوریشن کی کونسل میں منعقد ایک پروگرام میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گے۔ یہ مجسمہ 9.5 فٹ بلند ہے اور اسے 1850 کلو گرام گن میٹل سے بنایا گیا ہے۔

پی ایم مودی صبح 11:30 بجے پونے میٹرو ریل کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم مودی نے 24 دسمبر 2016 کو اس شہر میں عالمی معیار کے نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) کی سہولت کے قیام کے لیے اس کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ یہ منصوبہ کل 32.2 کلومیٹر کا ہے جس میں سے 12 کلومیٹر طویل میٹرو روٹ کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ پونے میٹرو ریل کی کل لاگت کا تخمینہ 11400 کروڑ روپے ہے۔


پی ایم مودی اس موقع پر پونے کے گروارے میٹرو اسٹیشن پر ایک نمائش کا افتتاح کریں گے اور اس کا معائنہ کریں گے۔ وہ وہاں سے آنند نگر میٹرو اسٹیشن تک میٹرو کا سفر بھی کریں گے۔ وزیر اعظم دوپہر 12 بجے کے قریب ایک پروگرام میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔

وزیراعظم مودی کی جانب سے اس پروگرام میں مولا-موتھا ندی کو آلودگی سے پاک کرکے اسے نئی زندگی دینے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ 1080 کروڑ روپے نو کلومیٹر طویل ندی کو صاف کرنے اور اس کی ’نو زندگی بخشی‘ پر خرچ ہوں گے۔ اس کے تحت دریا کے کناروں کی حفاظت اور شہر کے نالوں کے سیوریج کو دریا میں گرنے سے روکنے، شہری سہولیات کی توسیع اور کشتی رانی وغیرہ جیسی سہولیات کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ پروجیکٹ ایک شہر ایک آپریٹر کے تصور پر کیا جائے گا اور اس پر 1470 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس کے تحت 11 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس بنائے جائیں گے۔ جس کی کل یومیہ صلاحیت 40 کروڑ لیٹر ہوگی۔


وزیر اعظم وہاں بانیر کے علاقے میں نو تعمیر شدہ الیکٹرک بس ڈپو‘ ای- بس اور 100 الیکٹرک بسوں کا افتتاح کریں گے۔ پی ایم مودی پونے کے بالے واڑی میں آر کے لکشمن آرٹ گیلری میوزیم (عجائب گھر) کا افتتاح کریں گے۔ اس میوزیم کی سب سے بڑی توجہ لکشمن کے ناول میں مالگوڑی گاؤں کا چھوٹا ماڈل ہے جسے آڈیو- ویژول اثر کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ میوزیم میں لکشمن کے کارٹون بھی رکھے جائیں گے۔ پی ایم مودی دوپہر 1.45 بجے سمبیوسس یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی تقریبات کا افتتاح کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔