’متر کو بچا رہے ہیں وزیر اعظم‘، لوک سبھا میں اڈانی معاملے پر پی ایم مودی کی خاموشی سے راہل گاندھی ناراض

راہل گاندھی نے کہا کہ اُن کا (اڈانی) شیل کمپنی، ڈیفنس انڈسٹری میں بہت بے نامی پیسہ گھوم رہا ہے، اس پر وزیر اعظم نے کچھ نہیں کہا، اس سے صاف ہے کہ وزیر اعظم ان کی حفاظت کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی اور پی ایم مودی</p></div>

راہل گاندھی اور پی ایم مودی

user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز لوک سبھا میں اپوزیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ حالانکہ اس دوران اڈانی معاملے پر انھوں نے کچھ بھی نہیں کہا۔ اس سلسلے میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایوان کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پی ایم مودی پر حملہ کیا اور اڈانی معاملے میں کچھ بھی نہ بولنے پر ناراضگی بھی ظاہر کی۔ انھوں نے وزیر اعظم پر اڈانی کو بچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’پی ایم نے ایک بھی جواب نہیں دیا۔ ان کی تقریر سے سچائی صاف نظر آتی ہے۔ اگر (اڈانی) متر نہیں ہیں تو ان کو کہنا چاہیے تھا کہ جانچ کرائیں گے۔‘‘

لوک سبھا میں وزیر اعظم کے ذریعہ کی گئی تقریر کے بعد ایوان کے باہر راہل گاندھی نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’میں مطمئن نہیں ہوں۔‘‘ وزیر اعظم کے خطاب میں اڈانی معاملے کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ایک بھی سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔ جانچ کرانے کی بات نہیں کی۔ اگر وہ ’متر‘ نہیں ہیں تو کہہ دیتے کہ ٹھیک ہے، میں جانچ کراؤں گا، لیکن انھوں نے ایسا کچھ نہیں کہا۔


راہل گاندھی نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ اُن کا (اڈانی) شیل کمپنی، ڈیفنس انڈسٹری میں بہت بے نامی پیسہ گھوم رہا ہے۔ اس پر وزیر اعظم نے کچھ نہیں کہا۔ اس سے صاف ہے کہ وزیر اعظم ان کی حفاظت کر رہے ہیں۔ یہ قومی سیکورٹی، انفراسٹرکچر کا معاملہ ہے۔ وزیر اعظم کو کہنا چاہیے تھا کہ جانچ کرائیں گے۔ یہ بہت بڑا گھپلا ہے، ضرور ان کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں ایسا کیوں ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے بدھ کے روز لوک سبھا میں صدر کی تقریر پر شکریہ کی تجویز پر بحث کا جواب دیا۔ انھوں نے اپوزیشن پر خوب حملہ کیا اور کہا کہ ’’میں دیکھ رہا تھا کل۔ کچھ لوگوں کی تقریر کے بعد ان کے حامی اچھل رہے تھے۔ وہ خوش ہو کر کہنے لگے کہ یہ ہوئی نہ بات۔ شاید نیند بھی اچھی آئی ہوگی۔ شاید آج اٹھ بھی نہیں پائے ہوں گے۔ ایسے لوگوں کے لیے بہت اچھے ڈھنگ سے کہا گیا ہے... یہ کہہ کہہ کر ہم دل کو بہلا رہے ہیں، وہ اب چل چکے ہیں وہ اب آ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔