صدارتی انتخاب 2022: اپوزیشن پارٹیوں نے یشونت سنہا کو بنایا امیدوار

ملک کے نئے صدر جمہوریہ کا انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے امیدوار بنائے گئے یشونت سنہا 27 جون کی صبح 11.30 بجے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔

یشونت سنہا، تصویر سوشل میڈیا
یشونت سنہا، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

صدارتی انتخاب 2022 سے متعلق ایک بڑی خبر سامنے آ رہی ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ میں امیدوار کا نام طے ہو گیا ہے اور سبھی پارٹیوں نے متفقہ طور پر یشونت سنہا کو بی جے پی امیدوار کے سامنے کھڑا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ بی جے پی کی طرف سے فی الحال کسی امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن امید کی جا رہی ہے کہ آج شام ہونے والی بی جے پی پارلیمانی بورڈ کی میٹنگ میں کسی ایک نام پر مہر لگ جائے گا۔

اپوزیشن پارٹیوں کی آج ہوئی میٹنگ میں جئے رام رمیش، سدھیندر کلکرنی، دیپانکر بھٹاچاریہ، شرد پوار، ڈی راجہ، تروچی شیوا، پرفل پٹیل، یچوری، این کے پریم چندرن، منوج جھا، ملکارجن کھڑگے، رندیپ سرجے والا، حسنین مسعودی، ابھشیک بنرجی اور رام گوپال یادو وغیرہ شامل تھے۔ اے آئی ایم آئی ایم رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل بھی میٹنگ میں موجود تھے۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ گزشتہ میٹنگ میں اے آئی ایم آئی ایم کو مدعو نہیں کیا گیا تھا اس لیے وہ نہیں آئے تھے۔


بہرحال، ملک کے نئے صدر جمہوریہ کا انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور اپوزیشن کی طرف سے امیدوار بنائے گئے یشونت سنہا 27 جون کی صبح 11.30 بجے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ منگل کے روز اپوزیشن کی میٹنگ میں جب ترنمول کانگریس نے یشونت سنہا کا نام آگے بڑھایا تو 19 اپوزیشن پارٹیوں نے اس پر اتفاق کا اظہار کیا۔

قابل ذکر ہے کہ میٹنگ سے قبل یشونت سنہا نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ترنمول کانگریس نے انھیں جو عزت اور احترام دیا ہے، اس کے لیے ممتا بنرجی کا شکرگزار ہوں۔ ٹوئٹ میں انھوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے جب ایک بڑے قومی مقصد کے لیے مجھے پارٹی سے ہٹ کر اپوزیشن اتحاد کے لیے کام کرنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ پارٹی میرے اس قدم کو قبول کرے گی۔‘‘ دراصل یشونت سنہا نے ترنمول کانگریس سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس معاملے میں پارٹی کے اہم لیڈروں سے صلاح و مشورہ لینے کے بعد یشونت سنہا نے یہ فیصلہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔