پرنب مکھرجی کے پھیپھڑے میں انفیکشن شروع، ہیلتھ بلیٹن میں حالت ہنوز نازک

دہلی کینٹ واقع آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم لگاتار سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔

پرنب مکھرجی، تصویر توئٹر بنگال کانگریس
پرنب مکھرجی، تصویر توئٹر بنگال کانگریس
user

تنویر

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی صحت میں کسی طرح کی بہتری دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے، بلکہ بدھ کے روز اسپتال نے جو ہیلتھ بلیٹن جاری کیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ ان کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہو رہا ہے اور اس کی علامتیں نظر آنے لگی ہیں۔ یہاں قابل غور ہے کہ پرنب مکھرجی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا جس کے بعد انھیں فوری طور پر دہلی واقع آرمی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پھیپھڑوں میں انفیکشن ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد کئی طرح کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں، حالانکہ وہ ڈاکٹروں کی ایک خاص ٹیم کی لگاتار نگرانی میں ہیں۔

واضح رہے کہ 10 اگست سے ہی پرنب مکھرجی آرمی اسپتال میں ہیں اور انھوں نے اسی دن ٹوئٹ کر کے بتایا تھا کہ "ایک الگ روٹین ٹیسٹ کے لئے اسپتال آیا ہوں اور میرا کووڈ-19 ٹیسٹ پازیٹو نکلا ہے۔ گزشتہ ہفتہ میرے رابطہ میں آئے لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ خود کو آئسولیٹ کریں اور اپنا کووڈ-19 ٹیسٹ کرائیں۔" بعد ازاں اسپتال میں پرنب مکھرجی کا فوری طور پر ایمرجنسی برین سرجری کی گئی تھی کیونکہ ان کے دماغ میں خون کا تھکّا جم گیا تھا۔ اس آپریشن کے بعد سے جو ان پر جمود طاری ہوا تو ابھی تک ان کی طبیعت ناساز ہے۔


دہلی کینٹ واقع آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایک ٹیم لگاتار پرنب مکھرجی کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہے اور وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ پرنب مکھرجی کی صحت سے متعلق اسپتال کی طرف سے روزانہ ہیلتھ بلیٹن بھی جاری کیا جا رہا ہے لیکن ایک دن بھی ایسا نہیں ہوا جب ان کی حالت میں بہتری دیکھنے کو ملی ہو۔ روزانہ ہیلتھ بلیٹن میں ان کی حالت پہلے کے مطابق سنگین بتائی گئی ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ طبیعت میں گراوٹ بھی دیکھنے کو نہیں ملی ہے۔ لیکن آج پھیپھڑوں میں انفیکشن شروع ہونے کی خبر آنے کے بعد فکر میں اضافہ ہو گیا ہے۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ آج صبح پرنب مکھرجی کے بیٹے ابھجیت مکھرجی کا ایک بیان ضرور سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے والد کی طبیعت میں بہتری کے مثبت آثار نظر آئے ہیں۔ انھوں نے یہ جانکاری ایک ٹوئٹ کے ذریعہ دی تھی جس میں لکھا تھا کہ "میرے والد آپ سب کی دعاؤں اور ڈاکٹروں کی انتھک کوششوں سے مستحکم ہیں۔ ان کے جسم کے تمام بڑے اعضا مستقل طور پر قابو میں ہیں اور مناسب طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ ان کی صحت میں بہتری کے مثبت آثار نظر آرہے ہیں۔ میں آپ سبھی سے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی درخواست کرتا ہوں۔" لیکن اسپتال کے ہیلتھ بلیٹن میں ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Aug 2020, 3:31 PM