پرنب مکھرجی کی حالت اب بھی تشویشناک، دعاؤں کا سلسلہ جاری
84 سالہ پرنب مکھرجی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں 10 اگست کو آرمی کے ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پرنب مکھرجی کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی تھی۔
سابق صدر پرنب مکھرجی کی حالت میں کوئی بہتری دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں اور حالت بدستور نازک ہے۔ دہلی واقع آرمی اسپتال نے آج صبح جو ہیلتھ بلیٹن جاری کیا ہے اس میں بھی واضح لفظوں میں کہا گیا ہے کہ "پرنب مکھرجی کی حالت اب بھی تشویشناک ہے اور ان پر لگاتار نظر رکھی جا رہی ہے۔"
حالانکہ اتوار کے روز پرنب مکھرجی کے صاحبزادے ابھیجیت مکھرجی نے ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ’’ان کی (پرنب مکھرجی کی) صحت گزشتہ دنوں کے مقابلہ میں کافی اچھی اور مستحکم ہے۔ تمام بڑے اعضا مستحکم ہیں اور علاج کا اثر ہو رہا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ جلد ہی ہمارے درمیان ہوں گے۔‘‘ لیکن آج جاری ہیلتھ بلیٹن سے ایک بار پھر تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس درمیان پرنب مکھرجی کے چاہنے والے ان کی جلد صحت یابی کے لیے لگاتار دعائیں کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 84 سالہ پرنب مکھرجی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں 10 اگست کو آرمی کے ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پرنب مکھرجی کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو برآمد ہوئی تھی جس کے بعد وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں چلے گئے تھے۔ اس دوران ڈاکٹروں نے ان کے دماغ میں موجود خون کا تھکاّ ہٹانے کے لئے فوری طور پر آپریشن کیا تھا جسے کامیاب قرار دیا گیا، لیکن اس کے باوجود ان پر جو جمود طاری ہوئی تو اب تک وہ اسی حالت میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بارہمولہ: ملی ٹنٹ حملے میں تین سیکورٹی فورسز اہلکار جاں بحق
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔