مغربی بنگال میں مزید ایک گھوٹالے کا اندیشہ، بی جے پی رکن اسمبلی کی بیٹی سے سی آئی ڈی کی پوچھ تاچھ

بانکورا سے بی جے پی رکن اسمبلی نیلادری شیکھر پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے اثر سے بیٹی میتری دانا کو کلیانی ایمس میں ملازمت دلوائی ہے۔

سی آئی ڈی، مغربی بنگال
سی آئی ڈی، مغربی بنگال
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال میں ٹیچر بھرتی گھوٹالہ کا ہنگامہ ابھی ختم بھی نہیں ہوا ہے اور مزید ایک گھوٹالہ کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف ای ڈی پارتھ چٹرجی کو گرفتار کر پوچھ تاچھ کر رہی ہے جس سے مغربی بنگال حکومت میں ہلچل مچ گئی ہے، اور اب دوسری طرف مغربی بنگال حکومت بھی ’ایکشن موڈ‘ میں آ گئی ہے۔ مغربی بنگال میں سی آئی ڈی نے کلیانی ایمس میں بھرتی کو لے کر جانچ تیز کر دی ہے اور اس معاملے میں آج بی جے پی رکن اسمبلی نیلادری شیکھر دانا کی بیٹی سے کئی گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی۔

واضح رہے کہ بانکورا سے بی جے پی رکن اسمبلی نیلادری شیکھر پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے اثر سے بیٹی میتری دانا کو کلیانی ایمس میں ملازمت دلوائی ہے۔ سی آئی ڈی کے 4 افسران آج بانکورا میں نیلادری شیکھر کے گھر پہنچے اور کافی دیر تک پوچھ تاچھ کی۔ ایک ماہ پہلے ہی کلیانی تھانے میں اس معاملے کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔ الزام کے مطابق کلیانی ایمس میں بھرتی کے دوران گھوٹالہ ہوا ہے اور سی آئی ڈی نے معاملے کی جانچ ہاتھ میں لیتے ہی گزشتہ ہفتہ ندیا کے چاکدا سے بی جے پی رکن اسمبلی بنکم گھوش کی بہو انسوئیا گھوش دھر سے پوچھ تاچھ کی تھی۔


کلیانی ایمس بھرتی گھوٹالہ معاملے میں بی جے پی کے کئی لیڈروں پر الزامات لگ رہے ہیں کہ اپنے اثر کا استعمال کر رشتہ داروں کو کلیانی ایمس میں ملازمت دلوائی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ایف آئی آر میں مجموعی طور پر 8 لوگوں کے نام ہیں۔ تعزیرات ہند کی دفعہ 420، 406، 120بی (مجرمانہ سازش) وغیرہ کے تحت 20 مئی کو یہ ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ شکایت میں کہا گیا تھا کہ رکن اسمبلی نیلادری کی بیٹی کو ڈاٹا انٹری آپریٹر کی ملازمت دی گئی تھی جس میں 30 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ تھی، جب کہ وہ ٹیسٹ دینے تک نہیں گئی تھی۔ حالانکہ رکن اسمبلی نیلادری نے ان الزامات کو سرے سے مسترد کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔