بہار: بی جے پی رکن اسمبلی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا
ونئے بہاری نے کہا کہ ’’میں 2014 میں وزیر فن و ثقافت تھا۔ حالانکہ میں بہت کم وقت کے لیے وزیر رہا، اس وقت میں نے بہار میں فلم سٹی اور بین الاقوامی اسٹیڈیم بنانے کا معاملہ رکھا تھا۔‘‘
بہار میں این ڈی اے حکومت جب سے بنی ہے، جنتا دل یو اور بی جے پی لیڈروں میں کچھ نہ کچھ بیان بازی چلتی ہی رہتی ہے۔ تازہ معاملہ بی جے پی رکن اسمبلی اور سابق وزیر برائے فن و ثقافت ونئے بہاری کا ہے جنھوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہی کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔ ونئے بہاری نے بہار میں فلم سٹی اور بین الاقوامی اسٹیڈیم کی تعمیر کو لے کر نتیش کمار پر علاقہ پرستی کا الزام عائد کیا ہے۔ وہ پیر کے روز پٹنہ میں پریس کانفرنس کر رہے تھے اور اس دوران کہہ دیا کہ ’’جتنا میں جانتا ہوں اس سے زیادہ نتیش کمار کو جانکاری نہیں ہوگی۔‘‘
ونئے بہاری نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں 2014 میں وزیر فن و ثقافت تھا۔ حالانکہ میں بہت کم وقت کے لیے وزیر رہا، اس وقت میں نے بہار میں فلم سٹی اور بین الاقوامی اسٹیڈیم بنانے کا معاملہ رکھا تھا۔ میرے وزیر بننے کے آٹھ سال بعد بھی فلم سٹی اور اسٹیڈیم کی تعمیر ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔ میں نے معین الحق اسٹیڈیم کو ماڈلائز کر بین الاقوامی اسٹیڈیم بنانے کی گزارش کی تھی۔ فلم سٹی کے لیے والمیکی نگر کو منتخب کیا تھا کیونکہ اسٹوڈیو میں اداکاروں کے میک اَپ کے لیے موزوں ماحول بہت ضروری ہے، اس کے لیے والمیکی نگر بہت اچھی جگہ ہے۔ لیکن وزیر اعلیٰ نتیش کمار یہ دونوں چیز اپنے آبائی ضلع راجگیر میں لے کر چلے گئے۔‘‘
فلم سٹی سے متعلق بی جے پی رکن اسمبلی ونئے بہاری نے کہا کہ اس معاملے میں ہم سے زیادہ بہتر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو جانکاری نہیں ہوگی، لیکن وزیر اعلیٰ نے میری بات نہیں سنی اور اپنے صلاح کاروں سے رائے لے کر دونوں چیزوں کو راجگیر میں بنانے کا فیصلہ کیا۔ آٹھ سال گزرنے کے بعد بھی اب تک فلم سٹی تیار نہیں ہو پایا، یہ فکر انگیز ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔