’پازیٹویٹی‘ ایک پی آر اسٹنٹ ہے، اموات کی اصل تعداد چھپانے کی ہو رہی کوشش: راہل

راہل گاندھی نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’پازیٹویٹی ایک پی آر اسٹنٹ ہے تاکہ وزیر اعظم کی پالیسیوں کے سبب ہوئی کورونا اموات کی اصل تعداد چھپائی جا سکے۔‘‘

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

تنویر

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی پالیسیوں کے لیے لگاتار تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ خصوصاً کورونا بحران میں آکسیجن اور دوا کی کمی، ٹیکہ کاری کی دھیمی رفتار اور کورونا انفیکشن سے لوگوں کی لگاتار ہو رہی موت پر وہ ٹوئٹ کر کے اپنی بات بلاجھجک سب کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ تازہ ٹوئٹ میں انھوں نے مرکزی حکومت پر کورونا سے ہو رہی اموات کی اصل تعداد چھپانے کا الزام عائد کیا ہے۔

راہل گاندھی نے 27 مئی کو کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’پازیٹویٹی ایک پی آر اسٹنٹ ہے تاکہ وزیر اعظم کی پالیسیوں کے سبب ہوئی کورونا اموات کی اصل تعداد چھپائی جا سکے۔‘‘ ظاہر ہے اس ٹوئٹ کے ذریعہ انھوں نے کورونا سے لگاتار ہو رہی اموات کے لیے مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ اس سے قبل بھی راہل گاندھی نے ہندوستان میں ہو رہی کورونا اموات کو لے کر ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں ’نیو یارک ٹائمز‘ اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ مہلوکین کی اصل تعداد نہیں بتائی جا رہی۔


دراصل گزشتہ روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں امریکی اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کی ایک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’اعداد و شمار جھوٹ نہیں بولتے، حکومت ہند بولتی ہے۔‘‘ دوسری طرف کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی اسی خبر کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’ہم کبھی نہیں جان پائیں گے کہ کووڈ سے مرنے والوں کی حقیقی تعداد کیا ہے، کیونکہ حکومت نے وبا سے لڑنے سے زیادہ اعداد و شمار دبانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔