پولیس سب انسپکٹر ارشد احمد کی ہلاکت میں ملوث افراد کی شناخت کر لی ہے: دلباغ سنگھ
پولیس سربراہ نے پولیس افسر کی ہلاکت کو ایک افسوس ناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے ایک بہادر اور جوان افسر کو کھو دیا ہے۔ وہ پولیسنگ کی باریکیوں کو ابھی سمجھ ہی رہا تھا'۔
سری نگر: جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے کہا کہ سری نگر کے خانیار میں پولیس سب انسپکٹر کی 'ٹارگٹ کلنگ' میں ملوث افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، جنہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقدہ مہلوک سب انسپکٹر ارشد احمد میر کی میت پر پھول مالائیں ڈالنے کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ 'ملوثین کی شناخت کر لی گئی ہے۔ انہیں بہت جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا'۔
پولیس سربراہ نے پولیس افسر کی ہلاکت کو ایک افسوس ناک واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے ایک بہادر اور جوان افسر کو کھو دیا ہے۔ وہ پولیسنگ کی باریکیوں کو ابھی سمجھ ہی رہا تھا'۔ انہوں نے کہا کہ 'وہ اسپتال میں ایک ملزم کو دیکھنے کے لئے گیا تھا۔ واپسی پر اسے گولیاں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسے فوراً اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا'۔
دلباغ سنگھ نے وادی میں 'ٹارگٹ کلنگ' کے واقعات میں اضافے پر کہا کہ 'ہر ایک ہلاکت ہمارے لئے باعث تشویش ہے۔ ایسے واقعات میں ملوث کئی لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا چکا ہے۔ ہماری تحقیقاتی ایجنسیاں آج پیش آنے والے واقعے کی بھی تحقیقات کر رہی ہیں'۔
یہ بھی پڑھیں : گجرات بی جے پی کا منگیری سپنا… اعظم شہاب
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'سری نگر میں پستول بردار ایک درجن کے قریب ماڈیولز کا صفایا ہو چکا ہے۔ جب جب پرانی ٹیم کا صفایا ہوتا ہے تو نئی ٹیم ان کی جگہ لینے کی کوشش کرتی ہے۔ نئی ٹیم کی بھی پہنچان لگ بھگ ہو گئی ہے۔ ان کے خلاف بھی کارروائی جلد کی جائے گی'۔ واضح رہے کہ سری نگر کے خانیار میں اتوار کو ایک مشتبہ ملی ٹنٹ نے ایک پولیس سب انسپکٹر پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوگئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔