ہاتھرس متاثرہ کے اہل خانہ سے پولیس کی زیادتی ناقابل قبول: راہل-پرینکا

راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ہاتھرس کی متاثرہ کے لواحقین کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی اور پولیس کے طریق کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دھمکایا اور ڈرایا جا رہا ہے، اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور اترپردیش کی پارٹی انچارج و جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ہاتھرس کی متاثرہ لڑکی کے لواحقین کے ساتھ پولیس کی بدسلوکی اور پولیس کے طریق کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں دھمکایا اور ڈرایا جا رہا ہے، اسے برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اس پیاری بچی اور اس کے کنبہ کے ساتھ اتر پردیش حکومت اور اس کی پولیس کے ذریعہ جو سلوک کیا جا رہا ہے وہ مجھے قبول نہیں۔ کسی بھی ہندوستانی کو یہ قبول نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’اتر پردیش حکومت اخلاقی طور پر کرپٹ ہے۔ متاثرہ کا علاج نہیں کرایا، وقت پر شکایت نہیں لکھی، جسد خاکی کو زبردستی جلایا گیا، کنبہ قید ہے، انہیں دبایا جا رہا ہے۔ اب انہیں دھمکی دی جا رہی ہے کہ نارکو ٹسٹ ہوگا۔ یہ سلوک اور رویہ ملک کو قبول نہیں ہے۔ متاثرہ کے گھر والوں کو دھمکیاں دینا بند کیجیے‘‘۔


دریں اثنا کانگریس نے ہفتہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اور دیگر سینئر قائدین کی ایک ٹیم آج ہاتھرس کا دورہ کرے گی اور متاثرین کے ساتھ پولیس کے رویہ کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔