سعودی عرب: سات ماہ کی بندش کے بعد اللہ کا گھر ایک بار پھر آباد

مکہ معظمہ میں کل اتوار سے عمرہ کے مناسک کی ادائی کا آغاز ہو رہا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سعودی عرب کی حکومت نے سات ماہ پیشتر مارچ میں حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طورپر عمرہ کی عبادت روک دی تھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مکہ معظمہ میں کل اتوار سے عمرہ کے مناسک کی ادائی کا آغاز ہو رہا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے سعودی عرب کی حکومت نے سات ماہ پیشتر مارچ میں حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طورپر عمرہ کی عبادت روک دی تھی۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے 23 ستمبر 2020ء کو ایک بیان میں اعلان کیا کہ حکومت نے اندرون ملک موجود غیرملکی مسلمانوں اور مقامی شہریوں کے لیے چار اکتوبر سے عمرہ کی ادائی کا سلسلہ بتدریج بحال کررہی ہے تاہم یہ بحالی سخت ترین حفاظتی انتظامات کے تحت ہوگی۔ ایک ماہ کے بعد بیرون ملک سے بھی معتمرین کی آمد کی اجازت ہوگی۔ ایک ماہ بعد ایک دن میں چھ ہزار معتمرین عمرہ ادا کرسکیں گے۔

حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے کے سربراہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں معتمرین کے لیے عمرہ کی ادائی کے دوران نئی شرائط اور کورونا وبا کے پیش نظر ایس او پیز تیار کیے گئے ہیں۔ عمرہ کی ادائی میں معاونت کے لیے انتظامی امور، محکمہ صحت، صفائی، رضا کار اور دیگر معاون ادارے بھی اپنی اپنی خدمات انجام دیں گے۔ عمرہ کے لیے اس بار مسجد حرام میں ایک ہزار اضافی ملازمین کا عملہ تعینات کیا گیا ہے۔


مسجد حرام کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کی آمد سے قبل مسجد حرام کے اندرونی اور بیرونی مقامات کی 10 بار اور ٹوائلٹس کی چھ بار صفائی کی جاتی ہے۔ مسجد حرام کے تمام داخلی خارجی راستوں، دروازوں، صحن، فرش، برقی زینوں، پنکھوں اور دیگر تمام ضروری اشیا اور مقامات کو سینٹائرز کی مدد سے دن میں 9 بار صاف کیا جائے گا اور مسجد حرام میں چوبیس گھنٹوں کے دوران تین بار عطر چھڑکا جائے گا۔

مسجد حرام میں آنے والے معتمرین کی طبی جانچ کے لیے جدید ترین آلات، تھرما کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ معتمرین میں کسی قسم کی وبائی اثرات کا بروقت پتا چلا کہ دیگر متاثرہ افراد کو فوری طبی سہولت فراہم کی جائے۔

حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طواف کے لیے مطاف کعبہ میں دو ٹریک تیار کیے گئے ہیں۔ ان میں ایک ٹریک پر ایک وقت میں 100 زائرین طواف کی سعادت حاصل کریں گے۔ یہ گروپ پندرہ منٹ میں سات چکر لگائے گا۔ اس طرح ایک گھنٹے میں 400 زائرین طواف کریں گے۔ اگلے مرحلے میں ایک اور ٹریک کا اضافہ کیا جائے گا جس میں 150 زائرین کو ایک وقت میں طواف کی اجازت ہوگی۔ اس طرح ایک گھنٹے میں 600 زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کریں‌گے۔ اس طرح 10 گھںٹے کے طواف کے دورانیے کے دوران چھ ہزار زائرین عمرہ ادا کرسکیں گے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔