پی ایم مودی کے بھائی پرہلاد مودی کار حادثہ میں زخمی، بیٹا-بہو بھی تھے ساتھ، علاج کے لیے اسپتال میں داخل

میسور ایس پی سیما لٹکر اس حادثہ کی خبر سن کر فوراً جائے وقوع پر پہنچیں، زخمیوں کو فوری طور پر میسور کے جے ایس ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں علاج جاری ہے۔

پرہلاد مودی، تصویر آئی اے این ایس
پرہلاد مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کے بھائی پرہلاد مودی کی کار کرناٹک کے میسور میں حادثہ کا شکار ہو گئی ہے۔ اس کار میں پرہلاد مودی کے ساتھ ساتھ ان کا بیٹا، بہو اور پوتا بھی موجود تھے۔ کار میں سوار چاروں افراد کے ساتھ ساتھ ڈرائیور کو بھی چوٹ پہنچی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ حادثہ میسور تعلقہ کے کڑاکولا کے پاس ہوا۔ پرہلاد مودی اپنی مرسیڈیز بینز کار سے بنگلورو سے باندی پور کی طرف جا رہے تھے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق حادثہ میں پرہلاد مودی، ان کی بہو اور پوتے کو کچھ زیادہ چوٹ پہنچی ہے جبکہ بیٹے اور ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ میسور ایس پی سیما لٹکر اس حادثہ کی خبر سن کر فوراً جائے وقوع پر پہنچیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر میسور کے جے ایس ایس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں علاج جاری ہے۔


واضح رہے کہ پرہلاد مودی گجرات فیئر پرائس شاپس اینڈ کیروسین لائسنس ہولڈر ایسو سی ایشن کے سربراہ ہیں۔ حال ہی میں وہ مدھیہ پردیش گئے تھے جہاں بیتول ضلع میں ایک سماجی تقریب میں شرکت ہوئی تھی۔ وہاں پرہلاد مودی نے اپنے خطاب کے دوران کہا تھا کہ ’’گجرات میں مفت والے آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں۔ ان لوگوں کو گجرات کے عوام نے بتایا ہے کہ گجرات دینے والا ہے، لینے والا نہیں۔ اسی وجہ سے گجرات کے لوگوں نے بی جے پی کو منتخب کیا ہے۔‘‘ ظاہر طور پر پرہلاد مودی کا یہ حملہ عآپ پر تھا جس نے گجرات اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کئی مفت اسکیم کا وعدہ کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔