پی ایم مودی کانگریس کی ’25 گارنٹی‘ سے ڈر گئے ہیں، گھبراہٹ میں ’مٹن، مغل، منگل سوتر اور بھینس‘ کی بات کر رہے: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کو اڈانی-امبانی سے ٹیمپو بھر کر پیسہ مل رہا ہے تو مودی کیا سو رہے ہیں؟ پی ایم مودی میں ہمت ہے تو اس کی جانچ کرائیں اور پیسہ ضبط کریں۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے آج تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں پارٹی امیدواروں کے لیے انتخابی تشہیر کرتے ہوئے نظر آئے۔ جمعہ کی دوپہر انھوں نے حیدر آباد میں پریس کانفرنس میں شرکت کی، بوقت شام بھونگیر میں جلسۂ عام سے خطاب کیا، اور پھر بوقت شب آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں تقریر کرتے دکھائی دیے۔ ہر جگہ انھوں نے پی ایم مودی اور مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

وجئے واڑہ میں کھڑگے نے مودی-شاہ کے خلاف حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں دو لوگ ہیں جو ملکیتوں کو فروخت کر رہے ہیں، اور دو لوگ اسے خرید رہے ہیں۔ یعنی مودی-شاہ بیچنے والے ہیں اور اڈانی-امبانی خریدنے والے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی لوگوں کو زبان اور ذات کے نام پر مشتعل کرنے کا کام کرتے ہیں۔ بھینس سے لے کر منگل سوتر تک پر بات کرنے والے پی ایم مودی آج ملک کو برباد کر رہے ہیں۔ ملک کے آئین کو پی ایم مودی سے خطرہ ہے۔‘‘


اس سے قبل تلنگانہ کے بھونگیر میں انھوں نے پی ایم مودی پر جھوٹ پھیلانے کا سنگین الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پی ایم مودی کانگریس کے 5 نیائے اور 25 گارنٹی سے ڈر گئے ہیں۔ ہر بات پر جھوٹ بول رہے ہیں اور لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ کبھی مٹن، کبھی مغل، کبھی منگل سوتر اور کبھی بھینس کی بات کرتے ہیں۔ پی ایم مودی ہر چھوٹی بات پر لوگوں کو مشتعل کر رہے ہیں۔‘‘

مودی حکومت سے آئین کو لاحق خطرہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’یہ جمہوریت اور آئین کو بچانے کا انتخاب ہے۔ بی جے پی-آر ایس ایس کے لوگ آئین کو بدلنا چاہتے ہیں، لیکن ہم ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے۔ بی جے پی ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ ان کا ارادہ غریبوں کو تنگ اور تباہ کر کے غلاموں کی طرح رکھنے کا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’پورا انڈیا بلاک جمہوریت اور آئین کی حفاظت کے لیے بی جے پی-آر ایس ایس کے خلاف لڑ رہا ہے۔ ہماری حکومت بننے کے بعد ہم ریزرویشن کی حد کو بھی بڑھائیں گے۔‘‘


حیدر آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بھی کھڑگے نے پی ایم مودی کو زوردار انداز میں ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر کانگریس کو اڈانی-امبانی سے ٹیمپو بھر کر پیسہ مل رہا ہے تو مودی کیا سو رہے ہیں۔ وزیر اعظم میں ہمت ہے تو اس کی جانچ کرائیں اور پیسے کو ضبط کریں۔‘‘ کھڑگے نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی نے بلیک منی کے بارے میں بہت بولا، لیکن انھوں نے اپنے متروں کو ہی بلیک منی کا فائدہ پہنچایا۔ مودی نے کہا کہ راہل گاندھی جی نے اڈانی-امبانی کا نام لینا بند کر دیا ہے کیونکہ کانگریس کے پاس ٹیمپو میں پیسہ جا رہا ہے۔ اگر ایسا ہے تو وہ ای ڈی، سی بی آئی، انکم ٹیکس محکمہ کا استعمال کر ان کے اوپر جانچ بٹھائیں، پیسوں کو ضبط کریں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔