پی ایم مودی موسمیاتی کانفرنس میں حصہ لینے کے بعد وطن واپس لوٹے
پی ایم مودی نے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کو موسمیاتی چوٹی کانفرنس کی میزبانی کرنے کے لئے اور اسکاٹش عوام کا ان کی گرمجوشی سے مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کیا۔
نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی 16ویں جی- 20 چوٹی کانفرنس اور موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی او پی- 26 میں شرکت کرنے کے بعد بدھ کی صبح وطن واپس لوٹ آئے۔ پی ایم مودی اٹلی کے وزیر اعظم ماریو ڈراگی کی دعوت پر جی-20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے 30-31 اکتوبر کو روم میں تھے۔ اس کے بعد وہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کی دعوت پر سی او پی 26 میں شرکت کے لیے 1-2 نومبر کو گلاسگو میں تھے۔
جی 20 میں وزیر اعظم نے ہندوستان کی جانب سے اپنائے گئے ’ایک پرتھوی، ایک سوستھ‘ کے نکتہ نظر پر بات کی۔ انہوں نے کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے کے لئے بین الاقوامی تعاون کا تذکرہ کیا اورجی 20 ممالک کو اقتصادی اصلاحت اور سپلائی چین کے تنوع میں ہندوستان کو اپنا شراکت دار بنانے کے لئے مدعو کیا۔
گلاسگو میں موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی او پی 26 کے اختتام کے بعد اپنے ملک کے لئے روانہ ہوئے مودی نے ٹوئٹ کیا ’’ہماری زمین کے مستقبل کے بارے میں دو دنوں کی اہم گفت وشنید کے بعد گلاسگو سے روانگی۔ ہندوستان نے نہ صرف پیرس معاہدے کے وعدوں کو پورا کیا ہے بلکہ اب اگلے 50 برسوں کے لیے ایک اہم ایجنڈا بھی ترتیب دیا۔
پی ایم مودی نے برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن کو موسمیاتی چوٹی کانفرنس کی میزبانی کرنے کے لئے اور اسکاٹش عوام کا ان کی گرمجوشی سے مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’کئی پرانے دوستوں کو طویل عرصے کے بعد ذاتی طور پر دیکھنا اور کچھ نئے لوگوں سے ملنا بہت اچھا تھا۔ میں اپنے میزبان وزیر اعظم بورس جانسن اور اسکاٹ لینڈ کے لوگوں کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے خوبصورت گلاسگو میں گرمجوشی سے مہمان نوازی کی‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔