’پی ایم مودی مہاجر پرندے کی طرح ہیں، جو صرف الیکشن کے وقت آتے ہیں‘
آسام کانگریس کے صدر رپن بورا نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’پی ایم مودی ایک مہاجر پرندے کی طرح ہیں۔ وہ تبھی ریاست کے دورے پر آتے ہیں جب الیکشن آتا ہے۔‘‘
گوہاٹی: کانگریس اور اس کی اتحادی پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر آسام کے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پیر کو انھیں ایک ایسا ’ہجرت کرنے والا پرندہ‘ قرار دیا، جو صرف الیکشن کے وقت آتا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر رپن بورا نے پی ایم مودی کی ریلی کے ایک گھنٹے بعد اتحادیوں کے ساتھ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسٹر مودی ایک مہاجر پرندے کی طرح ہیں۔ وہ تبھی ریاست کے دورے پر آتے ہیں جب الیکشن آتا ہے۔‘‘
رپن بورا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’وہ (پی ایم مودی) انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے سے پہلےمستقل ریاست کے دورے پر آئیں گے۔ ان کے پاس ابھی اتنا وقت کیسے ہے جبکہ عوام کے لوگ سیلاب سے متاثر ہوتے ہیں اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف احتجاج کے دوران ہمارے نوجوان مارے جاتے ہیں، تب ان کے پاس وقت نہیں ہوتاہے۔‘‘
پی ایم مودی کی جانب سے بی جے پی کے زیرقیادت ریاستی حکومت کوڈبل انجن کی حکومت قراردینے سے متعلق رپن بورا نے کہا کہ ’’ریاست میں کبھی بھی دو وزیراعلیٰ نہیں رہے، لیکن اس وقت ریاست میں اقتدار دو لوگوں میں منقسم ہے، ایک کا مرکز وزیر اعلی کے پاس ہے، تو دوسرے کا مرکز ایک دیگر وزیرکے پاس ہے۔‘‘ ریاستی کانگریس کے سربراہ نے پہلے کی حکومت کے ذریعہ ریاست کے کچھ حصوں کے ساتھ سوتیلا سلوک کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے 90:10 فنڈنگ پیمانہ پر روک لگادی ہے جس کے سبب ریاست کو مرکزی امداد نہیں مل پارہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔