پی ایم مودی نے 24184 کنبوں کے حوالے کیا خوابوں کا آشیانہ، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ عوام سے کیا خطاب
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’آج جن کنبوں کو ان کا نیا گھر ملا ہے، ان سبھی گھر والوں کو میری طرف سے بہت بہت مبارکباد اور نیک خواہشات۔‘‘
لوک سبھا انتخاب قریب ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ ماہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل مرکز کی مودی حکومت کے ذریعہ کچھ اہم فیصلے اور اعلانات ہو رہے ہیں۔ پی ایم مودی لگاتار مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں اور نئے پروجیکٹس کا آغاز بھی کر رہے ہیں۔ اس درمیان پی ایم مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ’پردھان منتری آواس یوجنا‘ کے ساتھ ساتھ دیہی و دیگر رہائشی منصوبوں کے تحت 24184 گھروں کی ’ای-لانچنگ‘ کی۔ یہ رہائش گاہیں 1411 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہوئی ہیں۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ’ای-لانچنگ‘ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے عوام سے خطاب بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج جن کنبوں کو ان کا نیا گھر ملا ہے، ان سبھی گھر والوں کو میری طرف سے بہت بہت مبارکباد اور نیک خواہشات۔ جب ایسے کام ہوتے ہیں، تبھی ملک کہتا ہے مودی کی گارنٹی یعنی گارنٹی پورا ہونے کی بھی گارنٹی۔‘‘
وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ’’کسی بھی غریب کے لیے اس کا اپنا گھر اس کے روشن مستقبل کی گارنٹی ہوتا ہے۔‘‘ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ ابھی گزشتہ ماہ ہی مجھے ’وائبرینٹ گجرات سمٹ‘ میں آنے کا موقع ملا تھا۔ وائبرینٹ گجرات کے 20 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ اس بار کا انعقاد بھی آپ نے بہت شاندار طریقے سے کیا۔ یہ گجرات اور ملک کے لیے سرمایہ کاری کے لحاظ سے بہت بہتر پروگرام تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔