چھترپتی شیواجی مہاراج سے پی ایم مودی نے مانگی معافی، اپوزیشن کا دباؤ رنگ لایا!
پالگھر میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’کچھ دن قبل سندھو دُرگ میں جو ہوا وہ بے حد افسوسناک ہے، آج میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے سامنے سر بہ سجود ہوں اور معافی مانگتا ہوں۔‘‘
سندھودُرگ میں چھترپتی شیواجی کا مجسمہ ٹوٹنے کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اپوزیشن پارٹیاں لگاتار حکومت سے اس معاملے میں معافی کا مطالبہ کر رہی تھیں، اور اس دباؤ کا اثر آج اس وقت دیکھنے کو ملا جب پالگھر میں پی ایم مودی نے عوامی طور پر چھترپتی شیواجی مہاراج سے معافی مانگ لی۔
پالگھر میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’کچھ دن قبل سندھو دُرگ میں جو ہوا وہ بے حد افسوسناک ہے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج میرے اور میرے دوستوں کے لیے صرف ایک نام نہیں ہیں، ہمارے لیے چھترپتی شیواجی مہاراج صرف ایک مہاراجہ نہیں ہیں۔ آج میں چھترپتی شیواجی مہاراج کے سامنے سر بہ سجود ہوں اور ان سے معافی مانگتا ہوں۔‘‘
پی ایم مودی اتنے پر ہی خاموش نہیں ہوئے، انھوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’میں سر جھکا کر اپنے بھگوان چھترپتی شیواجی مہاراج سے معافی مانگتا ہوں۔ ہمارے اقدار الگ ہیں، ہم وہ لوگ نہیں ہیں جو گالی دیتے رہتے ہیں۔ لیکن مہاراشٹر میں کچھ لوگ بھارت ماں کے عظیم بیٹے، اس زمین کے بیٹے ویر ساورکر کی بے عزتی کر رہے ہیں۔ وہ اس کے لیے معافی مانگنے کو تیار نہیں ہیں، لیکن اس معاملے پر عدالت میں لڑنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے کولہاپور واقع سندھودُرگ میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ ٹوٹنے کا معاملہ خوب سرخیوں میں ہے۔ اس معاملے میں سندھودُرگ پولیس نے اسٹرکچرل کنسلٹنٹ اور ٹھیکیدار چیتن پاٹل کو گرفتار کیا ہے۔ ایم وی اے (کانگریس، این سی پی شرد پوار گروپ اور شیوسینا ادھو ٹھاکرے گروپ) اسے بڑا ایشو بنا رہی ہے۔ ایم وی اے نے یکم ستمبر کو ’سرکار کو جوتا مارو‘ تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔