وزیر اعظم سرینڈر کر چکے ہیں اور کورونا سے لڑنے سے انکار کر رہے ہیں: راہل گاندھی

ایک طرف جہاں وزیر اعظم نریندر مودی نے حالات کو کئی ممالک سے بہتر بتایا وہیں راہل گاندھی نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کورونا وائرس کے تئیں کوئی حکمت عملی نہیں ہے اور وزیر اعظم خو د کو سینڈر کر چکے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کورونا وائرس کی وجہ سے ملک کے حالات خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں اور حکومت اب ہر طرح سے بے بس نظر آ رہی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم نریندر نے کہا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے صورت حال تاحال کئی ممالک سے بہتر ہے۔ ادھر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کورونا بحران سے باہر آنے کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس سال کی شروعات تک خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کا اثر ہندوستان پر سب سے زیادہ پڑے گا لیکن لاک ڈاؤن، حکومت کی کوششوں اور لوگوں کی جدوجہد کے سبب یہاں صورت حال کئی ممالک سے بہتر ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہندوستان میں مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں بھی لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’لوگوں کی جدوجہد نے بہتر نتائج دیئے ہیں لیکن ابھی یہیں ٹھہرنا نہیں ہے بلکہ اب اور زیادہ محتاط رہنا ہوگا۔‘‘


وہں، کانگریس رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس کورونا بحران سے لڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ہفتہ کے روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ نے راہل گاندھی نے کہا ’’کووڈ-19 ملک کے نئے نئے علاقوں میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ حکومت ہند کے پاس اسے ہرانے کے لئے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم خاموش ہیں۔ انہوں نے خود کو سرینڈر (خود سپردگی) کر دیا ہے اور وہ اس عالمی وبا سے لڑنے میں ناکام ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ ہندوستان میں کورونا وائرس ہر دن نیا ریکارڈ بنا رہا ہے۔ وزیر صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے 18552 کیسز درج کیے گئے ہیں۔ یہ اس دورانیہ میں پائے جانے والے کیسز کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کے کل کیسز کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز (508953) کر گئی ہے۔ ان میں سے سے تقریباً دو لاکھ فعال معاملات ہیں اور تین لاکھ معاملوں میں مریض صحتیاب ہوکر گھر جا چکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 384 مریضوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی کل اموات کی تعداد 15686 ہو گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔