’... اب نریندر مودی اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بھی بدل دیجیے‘

کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے پی ایم مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’شروعات ہو ہی گئی ہے تو اچھی شروعات کیجیے، سب سے پہلے نریندر مودی اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بدل دیجیے۔‘‘

کانگریس لیڈر آر ایس سرجے والا / تصویر یو این آئی
کانگریس لیڈر آر ایس سرجے والا / تصویر یو این آئی
user

تنویر

وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ ’راجیو گاندھی کھیل رتن ایوارڈ‘ کا نام بدل کر ’میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ‘ رکھے جانے کے بعد اس عمل کی مخالفت بھلے ہی کوئی نہیں کر رہا، لیکن وزیر اعظم کے خلاف لوگ کھل کر بولتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ سیاسی ہستیوں کے ساتھ ساتھ سماجی کارکنان اور صحافی طبقہ بھی اب مودی حکومت پر یہ دباؤ بناتا ہوا نظر آ رہا ہے کہ لگے ہاتھوں احمد آباد واقع نریندر مودی اسٹیڈیم اور دہلی واقع ارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بھی بدل کر کھلاڑیوں کے نام پر رکھا جائے۔ سوشل میڈیا پر کئی مشہور و معروف ہستیوں نے اس طرح کا مطالبہ وزیر اعظم نریندر مودی سے کیا ہے۔

کھیل رتن ایوارڈ کا نام ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے نام پر رکھے جانے کے بعد کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے میڈیا میں ایک بیان دیا ہے جس میں انھوں نے حکومت کے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ’’میجر دھیان چند کے تئیں عزت ظاہر کیے جانے کا کانگریس استقبال کرتی ہے۔ میجر دھیان چند کا نام اگر بی جے پی اور پی ایم مودی اپنے چھوٹے سیاسی مقاصد کے لیے نہیں گھسیٹتے تو اچھا تھا۔ میجر دھیان چند کے نام پر کھیل رتن ایوارڈ کا نام رکھے جانے کا ہم استقبال کرتے ہیں۔‘‘


سرجے والا نے اپنے بیان کو آگے بڑھاتے ہوئے کہ ’’شروعات ہو ہی گئی ہے تو اچھی شروعات کیجیے۔ سب سے پہلے نریندر مودی اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بدل دیجیے۔ اب پی ٹی اوشا، سردار ملکھا سنگھ، میری کوم، سچن تندولکر، گاوسکر اور کپل دیو کے نام سے رکھیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’راجیو گاندھی اس ملک کے ہیرو تھے اور رہیں گے۔ راجیو گاندھی کسی ایوارڈ سے نہیں، بلکہ اپنی شہادت، اپنے نظریات اور جدید ہندوستان کی تعمیر کے لیے جانے جاتے ہیں۔ آج جب اولمپک کے دوران پی ایم مودی نے کھیل کا بجٹ 230 کروڑ روپے کاٹ دیا ہے، تو پی ایم مودی دھیان بھٹکا رہے ہیں۔‘‘

مشہور و معروف صحافی پُنیہ پرسون باجپئی نے بھی کھیل رتن ایوارڈ میجر دھیان چند کے نام پر رکھے جانے کے بعد نریندر مودی اسٹیڈیم اور ارون جیٹلی اسٹیڈیم کا نام بدلے جانے کی امید ظاہر کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’شاندار، میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ، آگے گجرات میں نریندر مودی اسٹیڈیم... دہلی میں ارون جیٹلی اسٹیڈیم۔‘‘ ایک دیگر معروف صحافی سواتی چترویدی نے تو طنز آمیز ٹوئٹ کرتے ہوئے یہاں تک لکھ دیا ہے کہ ’’بہترین فیصلہ۔ نریندر مودی اسٹیڈیم شاید ٹھیک ہے؟‘‘


سماجوادی پارٹی لیڈر آئی پی سنگھ نے کھیل رتن ایوارڈ کا نام میجر دھیان چند کے نام پر رکھے جانے کے بعد پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے اور لکھا ہے ’’مودی جی نے گجرات کے سب سے پرانے سردار پٹیل موٹیرا اسٹیڈیم کا نام خود کے نام پر رکھ لیا تھا۔ ایک کہاوت مشہور ہے، اپنے کریں تو راس لیلا، دوسرا کرے تو کیریکٹر ڈھیلا۔‘‘ مشہور فلم محقق اور کالم نویس اجے براہمتمج نے احمد آباد کے اسٹیڈیم کو لے کر پی ایم نریندر مودی کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا ہے ’’لگے ہاتھ احمد آباد کے نئے اسٹیڈیم کا نام بھی بدل دیجیے وزیر اعظم جی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Aug 2021, 8:11 PM