بھدوہی سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے خلاف ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل، انتخاب کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

عرضداشت گزار کے مطابق کسی دوسری پارٹی کا رکن ہوتے ہوئے بی جے پی کے انتخابی نشان پرالیکشن لڑنے والے ڈاکٹر ونود کمار بند نے آئین کے 10ویں شیڈول اور عوامی نمائندگی ایکٹ 1951کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>للیتیش پتی ترپاٹھی وکلا کے ساتھ /’ایکس‘&nbsp;@LaliteshPati</p></div>

للیتیش پتی ترپاٹھی وکلا کے ساتھ /’ایکس‘@LaliteshPati

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخابات کے بعد اترپردیش بی جے پی کے اندر پیدا ہوئی کشیدگی ابھی جاری ہی تھی کہ اس پر ایک اور الجھن مسلط ہو گئی ہے۔ ہوا یوں ہے کہ بھدوہی لوک سبھا سیٹ سے منتخب ہونے والے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ونود کمار بند کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں ایک عرضداشت داخل ہوئی ہے، جس میں ان کے انتخاب کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ عرضداشت بھدوہی سیٹ سے ڈاکٹر ونودکمار بند کے خلاف الیکشن لڑنے والے ٹی ایم سی کے لیڈر اور امیدوار للیتیش پتی ترپاٹھی نے داخل کی ہے۔

ٹی ایم سی لیڈر للیتیش پتی ترپاٹھی نے اس تعلق سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر معلومات دی ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ بی جے پی کے انتخابی نشان پر 78- بھدوہی لوک سبھا سے امیدوار بن کر کسی دوسری پارٹی کے رکن ہوتے ہوئے ڈاکٹر ونود کمار بند نے آئین کے 10ویں شیڈول اور عوامی نمائندگی ایکٹ 1951کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ اسی بنیاد پر آج میں نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اصول کے مطابق رجسٹرار جنرل کے سامنے ایک انتخابی عرضداشت داخل کی ہے جس میں 78-بھدوہی لوک سبھا حلقہ سے ڈاکٹر ونود کمار بند کے ایم پی کے طور پر انتخاب کو کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔


واضح رہے کہ 4 جون کو ہوئے لوک سبھا انتخابات کے نتائج میں یوپی میں سماجوادی پارٹی اور کانگریس کے اتحاد سے بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا تھا۔ مشن 80 کے ساتھ چلنے والی بی جے پی کو صرف 33 سیٹوں پر ہی سمٹنا پڑا تھا۔ اس انتخاب میں بھدوہی سیٹ سے بی جے پی نے نشاد پارٹی کے لیڈر ونود کمار بند کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ ونود کمار بند نے بی جے پی کے نشان پر الیکشن لڑا تھا۔

بھدوہی لوک سبھا سیٹ کو سماجوادی پارٹی نے اپنے کوٹے سے مغربی بنگال کی حکمراں پارٹی ٹی ایم سی کو دی تھی۔ یہاں سے ٹی ایم سی لیڈر للتیش پتی ترپاٹھی امیدوار تھے، جنہیں 44072 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی امیدوار ونود کمار بند پہلے منجھوا سے ایم ایل اے تھے۔ وہ نشاد پارٹی کے ٹکٹ پر 2022 کے انتخابات میں مرزا پور ضلع کی منجھوا سیٹ سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔