سلمان خان اور ذیشان صدیقی کو دھمکی دینے والا گرفتار، 2 کروڑ روپےکا تھا مطالبہ
اعظم محمد مصطفیٰ نے منگل کو ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سلمان اور ذیشان کا وہی حشر ہوگا جو سابق وزیر مملکت بابا صدیقی کا ہوا ہے۔
ممبئی ٹریفک پولیس نے بدھ کے روز ایک چھپن سالہ شخص کو گرفتار کیا۔ اس نے مبینہ طور پر بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور این سی پی اجیت پوار کے رہنما ذیشان صدیقی کو دو کروڑ روپے ادا نہ کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی بھرے پیغامات بھیجے تھے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اعظم محمد مصطفیٰ نے منگل کو ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ دونوں کا وہی حشر ہوگا جو سابق وزیر مملکت بابا صدیقی یعنی ذیشان صدیقی کے والد کا ہوا ہےاور اس وارننگ کو مذاق کے طور پر نہ لیا جائے۔
واضح رہے کہ بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو باندرہ کے علاقے میں تین بندوق برداروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ پیغام ملنے کے بعد ورلی پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
افسر نے بتایا کہ بدھ کے روز انہوں نے باندرہ (مغربی) میں بلیو فیم اپارٹمنٹ کے رہائشی مصطفیٰ کو گرفتار کیا۔ یہ ایک پوش ایریا ہے۔ مصطفیٰ سے جرم میں استعمال ہونے والا موبائل فون اور سم کارڈ برآمد کر لیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس نے اس موبائل نمبر کا کال ڈیٹیل ریکارڈ (سی ڈی آر) اکٹھا کیا جس سے یہ پیغام بھیجا گیا تھا ۔نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق پولیس نے بتایا کہ تکنیکی معلومات کی بنیاد پر انہوں نے ملزم کو باندرہ سے گرفتار کیا۔
مصطفیٰ نے ٹریفک پولیس کے لیے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 'یہ کوئی مذاق نہیں، بابا صدیقی کو کیسے ختم کیا گیا، اگلا ہدف ذیشان صدیقی ہیں اور سلمان خان کو بھی وہیں گولی مار دی جائے گی۔' مزید لکھا کہ 'سلمان خان اور ذیشان صدیقی سے 2 کروڑ روپے مانگیں اگر آپ اپنی جان بچانا چاہتے ہیں تو اسے مذاق کے طور پر نہ لیں ورنہ یہ 31 اکتوبر کو سامنے آجائے گا۔‘
اس ماہ کے شروع میں ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ ہیلپ لائن ڈیسک کو دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا تھا جس میں اداکار سلمان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد پولیس نے دھمکی آمیز پیغام کے سلسلے میں جھارکھنڈ کے جمشید پور سے ایک شخص کو گرفتار کیا۔
قبل ازیں پیر کو ممبئی پولیس نے اتر پردیش کے نوئیڈا سے ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے مبینہ طور پر خان اور این سی پی اجیت پوار کے رہنما ذیشان صدیقی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی۔ ذیشان کے والد بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو باندرہ (ایسٹ) میں تین مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ خان کو اس سے قبل لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ اس خوفناک گینگ کے مشتبہ ارکان نے اس سال اپریل میں اداکار کے باندرہ گھر کے باہر فائرنگ کی تھی۔ چند ماہ قبل نئی ممبئی پولیس نے بشنوئی گینگ کی جانب سے خان کے قتل کی سازش کا پردہ فاش کیا تھا جس کے بعد ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔