چاندنی چوک کی بھیڑ نے فرانسیسی سفیر کو بھی نہیں بخشا، چور نے موبائل کر دیا غائب
موبائل کی بازیابی کے لئے پولیس نے ایک ٹیم تشکیل دی، جس نے علاقہ کے سبھی سی سی ٹی وی کیمرے کو کھنگالا۔ 4 ملزمین کی پہچان کی گئی ہے، چاروں کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔
کچھ روز قبل ہندوستان کے دورے پر آئے فرانس کے سفیر تھیری ماتھو اپنی اہلیہ کے ساتھ راجدھانی دہلی کے چاندنی چوک بازار گھومنے گئے تھے۔ بازار کی بھیڑ میں ان کا فون چوری ہو گیا۔ چوری کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
دراصل فرانس کے سفیر اپنی اہلیہ کے ساتھ 20 اکتوبر کو چاندنی چوک بازار گھومنے گئے تھے۔ اسی وقت بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر چور ان کا موبائل لے اڑا۔ پولیس کو اس بابت 21 اکتوبر کو اطلاع ملی۔ ایک سینئر پولیس آفیسر کے مطابق فرانسیسی سفارت خانہ نے سفیر کے فون کی چوری کے بارے میں پولیس کو یہ اطلاع دی۔
چاندنی چوک جیسے بھیڑ بھاڑ والے علاقہ میں چور کو ڈھونڈنا کافی مشکل تھا۔ لیکن پولیس نے اپنی مستعدی اور محنت سے موبائل چوری کرنے والے مبینہ ملزمین کو گرفتار کر لیا۔ اس کے لئے پولیس نے ایک ٹیم تشکیل دی، جس نے علاقہ کے پورے سی سی ٹی وی کیمرے کو کھنگالا۔ اس کے بعد 4 ملزمین کی پہچان کی گئی۔ چاروں کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان ہے۔ یہ چاروں لڑکے ٹرانس یمونا علاقہ کے رہنے والے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ چاندنی چوک پوری دنیا میں کافی مشہور ہے اور یہاں کے بازاروں میں خوب بھیڑ دیکھنے کو ملتی ہے۔ ملک و بیرون ملک سے جو لوگ دہلی آتے ہیں، وہ ایک بار چاندنی چوک کا دورہ ضرور کرتے ہیں۔ کپڑوں کے ساتھ ساتھ چاندنی چوک بازار کھانے پینے کی مختلف چیزوں کے لئے بھی جانا جاتا ہے۔ اس وجہ سے چاندنی چوک پر کافی بھیڑ رہتی ہے۔ اسی بھیڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور اکثر موبائل یا دیگر سامان چرا کر فرار ہو جاتے ہیں۔ کچھ ایسا ہی واقعہ فرانسیسی سفیر کے ساتھ بھی پیش آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔