’کانگریس پر عوام کا اعتماد برقرار‘، چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے نتائج پر کانگریس نے کی تجزیاتی میٹنگ

میٹنگ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں ہوئی جس میں راہل گاندھی، کے سی وینوگوپال، کمار شیلجا، بھوپیش بگھیل، ٹی ایس سنگھدیو، دیپک بیج سمیت کئی کانگریس لیڈران نے شرکت کی۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس</p></div>

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے نتائج کا تجزیہ کرنے کے مقصد سے جمعہ کے روز نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں چھتیس گڑھ کانگریس کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں سابق کانگریس صدر راہل گاندھی، تنظیم جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، چھتیس گڑھ کی انچارج جنرل سکریٹری کماری شیلجا، سابق وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، سابق نائب وزیر اعلیٰ ٹی ایس سنگھدیو، ریاستی صدر دیپک بیج سمیت کانگریس کے کئی لیڈران موجود رہے۔

میٹنگ کے بعد کماری شیلجا نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آج چھتیس گڑھ کے انتخابی نتائج سے متعلق تجزیاتی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں سبھی لیڈران نے اپنے نظریات رکھے۔ کانگریس چھتیس گڑھ کا اسمبلی انتخاب ضرور ہار گئی، لیکن اس کا ووٹ فیصد کم نہیں ہوا ہے۔ 5 سال حکومت کرنے کے بعد ووٹ فیصد برقرار رہنا ایک بڑی حصولیابی ہوتی ہے۔ کانگریس حکومت بہترین منصوبے لے کر آئی اور ان منصوبوں کا نتیجہ زمین پر دیکھا گیا۔ کانگریس نے عوام کا بھروسہ بھی جیتا کیونکہ کانگریس کی حکومت بھروسے کی سرکار رہی۔ کانگریس پارٹی حکومت نہیں بنا پائی جس سے ہم افسردہ ضرور ہیں، لیکن مایوس نہیں ہیں۔ عوام کی نظر اب بھی کانگریس پر ہے۔ کانگریس کی حکومت نہیں بن پانے کی کئی وجوہات ہیں جس پر غور و فکر کیا جا رہا ہے۔


کماری شیلجا نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ تجزیاتی میٹنگ میں سبھی ساتھیوں نے مل کر سرکردہ لیڈران کو یقین دلایا ہے کہ بے شک کانگریس کی سیٹیں کم رہ گئیں اور پارٹی حکومت نہیں بنا پائی، لیکن کانگریس کے تئیں عوام کا اعتماد برقرار ہے۔ آنے والے وقت میں ہم مل کر لوک سبھا کا انتخاب لڑیں گے۔ کانگریس لیڈران و کارکنان ریاست کے ہر گوشے میں جائیں گے اور پھر سے عوام کا اعتماد بڑھائیں گے۔ کانگریس لوک سبھا انتخاب میں زیادہ سے زیادہ سیٹیں جیت کر لائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔