میوات میں فساد اور بلڈوزر متاثرین کے نام وقف ’ظفر الدین نگر کالونی‘ کا افتتاح
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی نے کہا کہ ہم صرف آشیانہ نہیں بناتے بلکہ ٹوٹے ہوئے دلوں کو بھی جوڑتے ہیں۔
نئی دہلی: آج ایک مختصر تقریب میں جمعیۃ علماء ہند کے ذریعہ تعمیر کردہ ’ظفر الدین نگر‘ کالونی (واقع فیروز پورجھرکہ) کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ کالونی فساد اور بلڈوزر متاثرین کے لیے وقف ہے۔ اس موقع پر ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے احمد بھائی، طیب بھائی اور ان کی ہمشیرہ کو مکانات کی چابی سونپی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مولانا حکیم الدین قاسمی نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کے زیر قیادت جمعیۃ کی ملی و قومی خدمات کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ جمعیۃ علماء، میوات فساد متاثرین کی بازآبادکاری کے علاوہ قانونی مدد بھی کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند انسانیت کی بنیاد پر کام کرتی ہے۔ ابتدا ہی سے اس کا نظریہ اور اس کی سوچ یہی رہی ہے کہ ملک و ملت دونوں کی تعمیر کی جائے اور اس نے اپنے سو سالہ سفر میں اس کو عملی طور پر ثابت کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ کالونی جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے سابق صدر اور مدرسہ باب العلوم جعفرآباد کے بانی مولانا مفتی ظفر الدین صاحبؒ کے نام سے موسوم ہے۔ مولانا موصوف اصلاً میوات کے مہوں کے رہنے والے تھے۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کا پیغام بھی لوگوں کو سنایا اور بتایا کہ ’’ہم متاثرین کی مدد کر کے صرف ان کے لیے آشیانہ ہی نہیں بناتے بلکہ ان کے ٹوٹے بکھرے ہوئے دلوں کو بھی جوڑتے ہیں۔ انسان کی زندگی میں سب سے مشکل وقت تب آتا ہے جب اس کا گھر اچانک توڑ دیا جائے۔ اس شکل میں ایک فرد نہیں بلکہ ایک خاندان متاثر ہوتا ہے۔ مگر افسوس ہے کہ ہندوستان جیسی فلاحی ریاست میں سرکار اور ایجنسی اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے ایسا قدم اٹھاتی ہے جس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کو ندامت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
مولانا مدنی نے جمعیۃ میوات ریلیف کمیٹی اور دیگر لوگوں کا شکریہ ادا کیا جن کی شب روز محنت کا یہ ثمرہ ہے۔ خیر خواہی اور انسانیت دوستی کے عمل میں شریک ہونے والے افراد عنداللہ ماجور ہوں گے (ان شاء اللہ)۔ انھوں نے لوگوں سے صبر و استقامت اور رجوع الی اللہ کی تلقین کی اور مشورہ دیا کہ اپنے نسل کے دین و ایمان کی حفاظت کے لیے اپنے علاقوں میں مکتب قائم کریں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ایک کارگر اور مفید سماج کی تعمیر اس کے بغیر ممکن نہیں ہے کہ ہم اپنی نسل کو اچھا انسان بنائیں۔
آج جب متاثرین کو مکانات کی چابی سونپی جا رہی تھی، تو اس وقت متاثرین کا دل بھر آیا۔ انھوں نے چار ماہ پہلے اپنے مکات ٹوٹتے دیکھا تھا، دوبارہ گھر پا کر ان کی خوشی کی انتہا نہ تھی۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند یو کے کے چیئرمین مولانا سعید احمد، الحاج بشیر احمد تمول بطور مہمان خصوصی موجود تھے، جبکہ تقریب کی صدارت جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد یحییٰ کریمی نے کی۔ نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء میوات کے جنرل سکریٹری مفتی سلیم احمد قاسمی ساکرس نے انجام دیے۔
ظفرالدین نگر کے نگراں ماسٹر محمد قاسم نائب صدر جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ اس کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند کے سینئر آرگنائزر مولانا غیور قاسمی نے بھی اظہار خیال کیا۔ مولانا سعید احمد چیئرمین جمعیۃ علماء ہند یو کے کی دعا پر تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ جمعیۃ علماء کے مقامی ذمہ داروں میں سے قاری محمد اسلم بڈیڈوی صدر جمعیۃ علماء میوات، مولانا قمر الدین، صدر جمعیۃ علماء حلقہ فیروز پور جھرکہ، ماسٹر شمشاد، مولانا حسن محمد ہرواڑی صدر جمعیۃ علماء بلاک فیروزپور جھرکہ، ماسٹر کفایت اللہ، مولانا محمد داؤد امینی صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی، قاری محمد زکریا، محمد عالم گماٹ جنرل سکریٹری بلاک نگینہ قاری عمران وغیرہ موجود رہے۔ وفد نے مدرسہ ابی بن کعب گھاسیڑہ میں جمعیۃ یوتھ کلب کے نوجوانوں سے ملاقات کی اور نگینہ میں مولانا طاہر امام شاہی عیدگاہ مسجد کی معیت میں مکانات کا جائزہ لیا اور مسجد ابو ہریرہ کی دعاء کرائی۔ عبدالرحیم نگر میں ایک مکتب کی بنیاد بھی رکھی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔