انڈیگو فلائٹ میں مسافر کی طبیعت اچانک بگڑی، جودھپور میں کی گئی ایمرجنسی لینڈنگ پھر بھی نہیں بچی جان!
ماں کی موت سے غمزدہ مظفر نے کہا کہ اس کی ماں پہلے کبھی بیمار نہیں ہوئی تھی، سعودی سفر کے دوران بھی ان کا وقت بہت اچھا گزرا تھا اور ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ فلائٹ میں ان کے ساتھ ایسا کچھ ہو جائے گا۔
جدہ سے دہلی کے لیے روانہ انڈیگو کی ایک فلائٹ میں منگل کے روز اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جس کی وجہ سے فلائٹ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔ یہ ایمرجنسی لینڈنگ جودھپور میں ہوئی اور مسافر کو فوراً اسپتال لے جایا گیا۔ حالانکہ اس مسافر کی زندگی نہیں بچ پائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر کی عمر 61 سال تھی اور اس کی شناخت مترا بانو کی شکل میں ہوئی ہے جو جموں و کشمیر کی رہنے والی تھیں۔ فلائٹ سے اتارنے کے بعد فوراً انھیں جودھپور کے گویل اسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر لے جایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں ڈاکٹروں کا جو بیان سامنے آیا ہے اس میں کہا جا رہا ہے کہ مترا بانو کو اسپتال میں مردہ حالت میں ہی لایا گیا تھا۔ یعنی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی خاتون مسافر کی موت ہو گئی تھی۔
اس معاملے میں انڈیگو کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ ایئرلائن کمپنی کا کہنا ہے کہ جہاز پر موجود ایک ڈاکٹر نے مسافر کو فوراً ابتدائی علاج دینے میں پائلٹ ٹیم کی مدد کی تھی۔ انڈیگو نے مترا بانو کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مترا بانو کا بیٹا مظفر بھی طیارہ میں ان کے ساتھ تھا۔ طیارہ صبح تقریباً 11 بجے جودھپور پہنچا تھا۔ ماں کی موت سے غمزدہ مظفر کا کہنا ہے کہ اس کی ماں پہلے کبھی بیمار نہیں ہوئی تھی۔ سعودی سفر کے دوران بھی ان کا وقت بہت اچھا گزرا تھا اور ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ فلائٹ میں ان کے ساتھ ایسا کچھ ہو جائے گا۔ کچھ رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ مترا بانو کی موت ’ہارٹ اریسٹ‘ کی وجہ سے ہوئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔