اویسی کا امیدوار کانگریس میں شامل، اے آئی ایم آئی ایم برہم
باپو نگر اسمبلی سیٹ سے اے آئی ایم آئی ایم کے امیدوار شاہنواز خان نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
گجرات اسمبلی انتخابات 2022 کے لئے انتخابی مہم دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔ کانگریس اے آئی ایم آئی ایم اور عام آدمی پارٹی پر الزام لگاتی رہی ہے کہ یہ دونوں پارٹی بی جے پی کی ’بی‘ ٹیم ہیں اور گجرات میں بی جے پی کی مدد کرنے کے لئے میدان میں اتریں ہیں۔ جیسے جیسے ووٹ ڈالنے کی تاریخیں قریب آ رہی ہیں ویسے ویسے ریاست میں انتخابی بخار بھی اپنے شباب پر پہنچ رہا ہے۔
ایسے میں ایک دلچسپ تبدیلی سامنے آئی ہے اور وہ تبدیلی احمد آباد شہر کی باپو نگر اسمبلی سیٹ میں سامنے آئی ہے۔ اس اسمبلی سیٹ پر اسدالدین اویسی کی پارٹی نے جس امیدوار کو میدان میں اتارا تھا وہ کانگریس میں شامل ہو گیا ہے۔ اب اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی اس کو لے کر ناراض ہیں۔
واضح رہے کہ باپو نگر اسمبلی سیٹ سے اے آئی ایم آئی ایم کے امیدوار شاہنواز خان نے اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس سے ہاتھ ملایا ہے۔ ریاستی کانگریس صدر جگدیش ٹھاکر نے ہفتہ کو گجرات ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر میں ان کو کانگریس میں شامل کیا۔
اویسی نے شاہنواز خان کے کانگریس میں شامل ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایک چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شاہنواز خان کے لیے ریلی بھی کی تھی۔ واضح رہے اسدالدین اویسی خود گجرات میں 17 ریلیاں کریں گے۔ اے آئی ایم آئی ایم نے احمد آباد میں پانچ امیدوار کھڑے کیے ہیں۔
شاہنواز کے کانگریس میں شامل ہونے سے اویسی کی پارٹی کو زبردست دھچکا لگا ہے اور اس کا اثر گجرات کی کئی سیٹوں پر واضح نظر آئے گا۔ کانگریس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اے آئی ایم آئی ایم کا کھڑا ہونے کا مقصد بی جے پی مخالف ووٹوں کی تقسیم ہے جس کا سیدھا فائدہ بی جے پی کو ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔